رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر میں برفانی تودے گرنے سے چھ افراد ہلاک


شدید برف باری سے کشمیر کی وادی میں سٹرکوں پر سفر دشوار ہو گیا ہے۔
شدید برف باری سے کشمیر کی وادی میں سٹرکوں پر سفر دشوار ہو گیا ہے۔

294 کِلو میٹر لمبی سری نگر جموں شاہراہ کے بند ہو جانے کے بعد وادئ کشمیر کے لئے ضروری اشیاء کی فراہمی مُتاثر ہوئی ہے جس سے سبزیوں اور غذائی اجناس کی قیمتوں میں اِضافہ ہوگیا ہے۔

یوسف جمیل

نئی دہلی کے زیرِ انتظام کشمیر میں کئی روز کی مُسلسل بارشوں اور برفباری سے معمول کی زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے۔ کشمیر کو بھارت سے ملانے والی سری نگر جموں شاہراہ کے بند ہو جانے اور سری نگر کے لیے پروازوں کی منسوخی کے بعد وادئ کشمیر باقی ماندہ دنیا سے کٹ کر رہ گئی ہے ۔ جبکہ پہاڑوں سے گھرے اس علاقے کے اندر بھی مواصلات کا نظام بُری طرح مُتاثر ہوا ہے۔ کئی علاقوں کے لیے بجلی کی فراہمی روک دی گئی ہے۔

برف کے تودے گرنے اور رہائشی مكانات کے دَب جانے سے کم سے کم چھ افراد ہلاک اور متعد د زخمی ہو گئے ہیں۔ سری نگر پہنچنے والی اطلاعات کے مُطابق کنٹرول لائن کے قریب واقع گریز علاقے میں بُدھ کی صبح ایک مکان برفانی تودے کی زد میں آ گیا، جس کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے چار افراد ہلاک اور ایک بچہ بُری طرح زخمی ہوگیا۔

عہدیدار وں کے مطابق یہ حادثہ سطح سمندر سے 2580 میٹر کی بُلندی پر واقع تُلیل کے ایک دور دراز گاؤں میں پیش آیا۔ اس علاقے میں کئی روز سے مُسلسل برفباری کے بعد پانچ سے آٹھ فٹ تک برف جمع ہوگئی ہے جس کے بعد پولیس اور مقامی رضاکاروں نے عورتوں سمیت 150 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر مُنتقل کیا۔

سری نگر سے تقریباً سو کِلومیٹر کے فاصلے پر واقع سونہ مرگ کے علاقے میں بھارتی فوج کا ایک کیمپ برف کے تودے کی زد میں آ گیا۔ اس واقعے میں بھارتی فوج کا ایک أفسر میجر امیت ساگر ہلاک ہوگیا۔

سری نگر میں عہدیدار وں نے بتایا کہ سرحدی ضلع کُپوارہ میں ایک مکان بھاری برفباری میں دب گیا اور اس حادثے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ وادئ کشمیر کے بڈ گام، بانڈی پور، بارہمولہ اور کپوارہ اضلاع میں متعدد نِجی مکان تباہ ہوئے ہیں یا انہیں شدید نقصان پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات نے اگلے دو دِن کے دوران کشمیر اور آس پاس کے علاقوں میں مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ 294 کِلو میٹر لمبی سری نگر جموں شاہراہ کے بند ہو جانے کے بعد وادئ کشمیر کے لئے ضروری اشیاء کی فراہمی مُتاثر ہوئی ہے جس سے سبزیوں اور غذائی اجناس کی قیمتوں میں اِضافہ ہوگیا ہے۔

پُولیس نے ناجائز منافع خوری کے إلزام میں 20 سے زائد تاجروں کو گرفتار کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG