رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر میں فوجی کیمپ پر حملہ، تین فوجی ہلاک


بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں ایک فوجی کیمپ پر شدت پسندوں کے حملے میں ایک افسر سمیت تین بھارتی فوجی ہلاک جب کہ دو حملہ آور بھی مارے گئے۔

اس حملے میں پانچ فوجی زخمی بھی ہوئے۔

یہ حملہ کشمیر کو منقسم کرنے والی ’لائن آف کنٹرول‘کے قریب ضلع کپواڑہ میں پنزگام کے علاقے میں ایک فوجی اڈے پر جمعرات کی صبح کیا گیا۔

بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے کہا کہ شدت پسندوں نے فوجیوں کو نشانہ بنانے کے لیے خودکار اسلحہ اور دستی بموں کا استعمال کیا۔

جوابی کارروائی میں دو شدت پسند بھی مارے گئے جب کہ اطلاعات کے مطابق ایک حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

زخمی فوجیوں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے سری نگر میں فوج کے ایک مرکزی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

جس علاقے میں فوجی اڈے پر حملہ کیا گیا، وہاں بھارتی فوج اور پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

دریں اثنا علیحدگی پسند جماعت دختران ملت کے سربراہ آسیہ اندرابی کو اُن کی ایک قریبی ساتھی صوفی فہمیدہ کے ہمراہ گرفتار کر لیا گیا۔

یہ گرفتاری بدھ کی شب سری نگر میں آسیہ اندرابی کے گھر پر چھاپے کے دوران عمل میں آئی۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل یعنی بدھ ہی کو بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں حکومت نے سوشل میڈیا اور بعض دیگر ویب سائیٹس بشمول ’گوگل‘ اور ’اسکائپ‘ پر ایک ماہ تک کے لیے پابندی لگا دی تھی۔

محکمہ داخلہ نے ’ایسا انڈین ٹیلیگراف ایکٹ‘ اور ’انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ‘ کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس علاقے میں موبائل انٹرنیٹ سروسز پہلے ہی 17 اپریل سے معطل ہیں۔

بظاہر اس بندش کی وجہ یہ تھی کہ حالیہ مظاہروں کے دوران بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے طلبہ اور طالبات پر مبینہ زیادتیوں کے ویڈیوز اور تصاویر کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا گیا، جس کی بعد ازاں بڑے پیمانے پر تشہیر سامنے آئی۔

XS
SM
MD
LG