رسائی کے لنکس

کشمیر کو اپنا حصہ بنانے کا پاکستانی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا: بھارت


سشما سوراج (فائل فوٹو)
سشما سوراج (فائل فوٹو)

بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے کہا کہ پاکستانی قیادت کی طرف سے حزب المجاہدین کے "دہشت گرد" برہان وانی کو بارہا "ہیرو" قرار دینے کی کوشش "قابل افسوس ہے

بھارت نے اپنے زیر انتظام کشمیر میں تشدد اور دہشت گردی کی حمایت کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے ہفتہ کو ایک بیان میں کہا کہ کشمیر کو اپنا حصہ بنانے کا "پاکستان کا خواب قیامت تک پورا نہیں ہوگا۔"

کشمیر کے معاملے پر بھارت کی طرف سے اب تک کے اس سخت ترین بیان سے قبل پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کا یہ بیان سامنے آیا تھا کہ "وہ دن دور نہیں جب کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق ہوگا اور وہ پاکستان کا حصہ ہوگا۔"

کشمیر دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان شروع ہی سے متنازع ہے اور اس کا ایک حصہ پاکستان اور ایک بھارت کے زیر انتظام ہے۔

بھارتی کشمیر میں رواں ماہ ایک علیحدگی پسند کمانڈر کی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور اس دوران ہونے والے مظاہروں میں سکیورٹی فورسز سے جھڑپوں میں 45 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔

پاکستان نے بھارتی کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ یہاں بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف عالمی فورمز پر آواز اٹھائے گا۔

نئی دہلی، اسلام آباد کی تشویش کو مسترد کرتے ہوئے یہ کہہ چکا تھا کہ وہ بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہے۔

بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت کرنے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن ان کے بقول اس کی بجائے "اس نے پیسہ، ہتھیار اور دہشت گردی کشمیر کو دی ہے۔"

انھوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت کی طرف سے حزب المجاہدین کے "دہشت گرد" برہان وانی کو بارہا "ہیرو" قرار دینے کی کوشش "قابل افسوس ہے کیونکہ ان کے بقول یہ عسکریت پسند متعدد "وحشیانہ جرائم" کا ذمہ دار تھا۔

پاکستان نے وانی کی موت اور کشمیر میں ہونے والی دیگر ہلاکتوں کے خلاف گزشتہ بدھ کو ملک میں سرکاری طور پر "یوم سیاہ" منایا تھا۔

سشما سوراج کے اس تازہ بیان پر تاحال پاکستان کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG