رسائی کے لنکس

بھارت: غیر مسلم تارکین وطن کو شہریت دینے کا ترمیمی بل منظور


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کی مرکزی کابینہ نے متنازع شہریت ترمیمی بل (سی اے بی) کی منظوری دے دی ہے جس کے ذریعے پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش سے آنے والے غیر مسلموں کو بھارتی شہریت تفویض کی جا سکے گی۔

اس بل کا مقصد شہریت ایکٹ 1955 میں ترمیم کرنا ہے۔ بل کو آئندہ ہفتے پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اگر یہ بل منظوری کے بعد قانون بن جاتا ہے تو اس کے تحت پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے مذہب کی بنیاد پر ملک چھوڑ کر بھارت آنے والے ہندو، سکھ، بودھ، جین، پارسی اور عیسائی برادری کے لوگوں کو بھارتی شہریت دی جا سکے گی۔ خواہ ان کے پاس ضروری دستاویزات ہوں یا نہ ہوں۔

بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں اس بل کی مخالفت کی جا رہی ہے۔ مخالفین کا کہنا ہے کہ یہ قانون 1985 میں ہونے والے آسام معاہدے کی دفعات کو کالعدم کر دے گا جس میں بلا امتیاز مذہب غیر قانونی تارکین وطن کو بھارت سے نکالنے کا ذکر ہے۔

بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بعض رہنما بھی اس بل کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ اس سے مقامی آبادی کی ثقافت پر برا اثر پڑے گا۔ لیکن بھارتی وزیرِ داخلہ امیت شاہ اسے نافذ کرنا چاہتے ہیں۔

امیت شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سی اے بی آئے گا اور اس میں پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے آنے والے شرنارتھیوں کو شہریت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شرنارتھیوں کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ البتہ دراندازوں کو ضرور ڈرنے کی ضرورت ہے۔

اس بیان سے متعلق ایک سینئر صحافی اور تجزیہ کار گوتم لاہری کہتے ہیں کہ بھارت واحد ایسا ملک ہے جس میں پناہ گزینوں کی کوئی تعریف واضح نہیں کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے نزدیک مذکورہ ملکوں سے اگر کوئی ہندو آتا ہے تو وہ شرنارتھی ہے اور مسلمان آتا ہے تو وہ درانداز ہے۔

گوتم لاہری مزید کہتے ہیں کہ حکومت اس مسئلے کو زندہ رکھنا چاہتی ہے تاکہ اس کی بنیاد پر اگلا الیکشن جیتا جا سکے۔

کانگریس، ترنمول کانگریس، بائیں بازو کی جماعتیں اور دیگر اپوزیشن جماعتیں اس بل کی سختی سے مخالفت کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی آئین مذہب کی بنیاد پر کسی کو شہریت تفویض کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

گزشتہ پارلیمانی اجلاس کے دوران اسے لوک سبھا سے منظور کرا لیا گیا تھا۔ لیکن مخالفت کی وجہ سے حکومت نے یہ بل راجیہ سبھا میں پیش نہیں کیا تھا۔ راجیہ سبھا میں بی جے پی کو اکثریت حاصل نہیں ہے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG