رسائی کے لنکس

بھارت: وائی فائی فراہم کرنے والا طاقتور ٹاور نصب


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں اس ٹاور سے آزمائشی طور پر سروس کا آغاز کیا گیا جس کے ذریعے محدود فاصلے تک وائی فائی کی سہولت فراہم کی گئی۔

بھارت کی ریاست بہار میں دنیا میں سب سے زیادہ فاصلے تک وائی فائی لہریں پہنچانے والا ٹاور نصب کیا گیا ہے جس سے عنقریب 20 کلو میٹر تک کے علاقے میں لوگ انٹرنیٹ کی مفت سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔

رواں ہفتے بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں اس ٹاور سے آزمائشی طور پر سروس کا آغاز کیا گیا جس کے ذریعے محدود فاصلے تک وائی فائی کی سہولت فراہم کی گئی۔

حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس ٹاور سے مکمل سروس شروع کیےجانے کے بعد پٹنہ کے مرکزی علاقے اشوک راجپتھ سے شہر کے مغرب میں ساگونا تک لوگ اس سے مستفید ہو سکیں گے۔

ان کے بقول اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ فاصلے تک مفت وائی فائی سروس کرنے والا ٹاور چین میں ہے جو کہ ساڑھے تین کلومیٹر کے علاقوں کو سہولت فراہم کر رہا ہے جب کہ اس فہرست میں اڑھائی کلومیٹر فاصلے کے ساتھ لندن دوسرے نمبر پر ہے۔

اس منصوبے سے وابستہ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شہر میں اس وائی فائی کی حدود میں طلبا اور متعدد تعلیمی ادارے اس سہولت سے استفادہ کر سکیں۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر شاہد علی خان کا کہنا تھا کہ حکومت ریاست کے سیاحتی مقامات پر بھی مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

وزارت کے سیکرٹری این کے سنہا کا کہنا تھا گو کہ بہار نے اس شعبے میں ذرا دیر سے قدم رکھا لیکن یہ درست سمت میں گامزن ہے۔

وزیراعلیٰ نتیش کمار بھی وائی فائی کی آزمائشی سروس کی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے میں کافی پیش رفت کر چکی ہے۔
XS
SM
MD
LG