رسائی کے لنکس

ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کی سب سے بڑی فتح


بھارت نے ویسٹ انڈیز کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 272 رنز سے شکست دے دی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کی سب سے بڑی فتح جبکہ ویسٹ انڈیز کی دوسری بدترین شکست ہے۔

کیریئر کے پہلےہی ٹیسٹ میں سنچری بنانے پر پرتھوی شاہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

راج کوٹ ٹیسٹ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 649 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی جس میں کپتان ویرات کوہلی کے 139، نوجوان کرکٹر پرتھوی شاہ کے 134، جدیجا کے 100 اور پنت کے 92 رنز شامل ہیں۔

روی چندرن ایشوین اور محمد شامی کی عمدہ بولنگ کے سامنے ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 181 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کی وجہ سے اُسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی اچھی پرفارمنس نہ دکھا سکی، 196 رنز بناسکی، صرف کائرن پاول نے بھارتی بولرز کے سامنے مزاحمت دکھائی اور 83 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس اننگز میں کلدیپ یادیو نے حریف ٹیم کی تباہی میں مرکزی کردار ادا کیا اور پانچ وکٹیں حاصل کیں، رویندر جدیجا نے تین اور ایشوین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس شاندار پرفارمنس کے ساتھ کلدیپ یادیو دنیا کے ساتویں بولر بن گئے ہیں جس نے انٹرنیشنل کرکٹ کے تینوں فارمیٹ کی کسی بھی اننگز میں 5 وکٹیں لی ہوں۔

یوں ویسٹ انڈیز کی دونوں اننگز کا مجموعہ 377 رنز بنا جو بھارت کی صرف ایک اننگز سے بھی 272رنز کم تھا۔

بھارت نے 100 سے بھی کم اوورز میں ویسٹ انڈیز کو دومرتبہ آؤٹ کیا۔

یوں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو کھیل کے ہرشعبے میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے میچ ایک اننگز اور 272 رنز نے اپنے نام کرلیا۔

ٹیسٹ میچوں میں یہ بھارت کی سب سے بڑی جیت ہے، اس سے قبل رواں سال بنگلور ٹیسٹ میں افغانستان کو ایک اننگز اور 262 رنے سے شکست دی تھی۔

یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کی دوسری بدترین شکست ہے، 2007 ء میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو اننگز اور 283 رنز سے ہرایا تھا جبکہ یہ مسلسل تیسری مرتبہ ہے جب ویسٹ انڈین ٹیم بھارت میں ٹیسٹ میچ کے تیسرے ہی روز شکست سے دوچارہوئی ہے۔

دو میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 11 اکتوبر سے حیدرآباد میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG