رسائی کے لنکس

بھارت نے دوسرا ون ڈے بھی جیت لیا


بھارت نے دوسرا ون ڈے بھی جیت لیا
بھارت نے دوسرا ون ڈے بھی جیت لیا

بھارت نے انگلینڈ کو دوسرے ایک روزہ عالمی میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

پیر کو دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کی پوری ٹیم 2ء48 اوورز میں 237 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

جواباً بھارت نے مقررہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 37ویں اوور میں بآسانی حاصل کرلیا۔ بھارتی اننگز کی خاص بات ورت کوہلی کی شان دار سینچری تھی جنہوں نے 16 چوکوں کی مدد سے 112 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

گوتم گمبھیر 84 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ بھارت کی دونوں ابتدائی وکٹیں بریسنن نے حاصل کیں۔

اس سے قبل انگلینڈ کو اپنی اننگز کے آغاز سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلش اوپنرز الیسٹر کک میچ کے پہلے اور کریگ کیسویٹر دوسرے اوور میں بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔

انگلینڈ کا کوئی بھی بلے باز قابلِ ذکر کارکدگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا اور انگلش ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا۔ کیون پیٹرسن 46 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ سامت پٹیل نے 42 رنز اسکور کیے۔

بھارت کی جانب سے فاسٹ بالر وینے کمار نے ایک روزہ میچوں میں اپنے کیرئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 9 اوورز میں 30 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

ورت کوہلی کو 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔ سیریز کا اگلا میچ جمعرات کو موہالی میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل جمعہ کو حیدرآباد میں کھیلے گئے سیریز پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے 126 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

XS
SM
MD
LG