رسائی کے لنکس

ڈنکن فلیچر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ مقرر


ڈنکن فلیچر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ مقرر
ڈنکن فلیچر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ مقرر

انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ ڈنکن فلیچر کو کرکٹ کے عالمی چیمپئن بھارت کی قومی ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے بدھ کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں فلیچر کی بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ کے طور پر تعیناتی کا اعلان کیا۔ بیان کے مطابق ایرک سائمنز کو بالنگ کوچ کے عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے۔

فلیچر بھارتی ٹیم کے موجودہ کوچ گیری کرسٹین کی جگہ سنبھالیں گے جنہوں نے بی سی سی آئی کی جانب سے تین سالہ کانٹریکٹ میں توسیع کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے گیری کرسٹین کی کوچنگ میں بھارت نے رواں ماہ کے آغاز میں عالمی کرکٹ کپ 2011ء کے فائنل میں کامیابی حاصل کرکےعالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے بے حد اصرار کے باوجود کرسٹین نے کوچنگ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ تبدیل کرنے سے انکارکردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ تین برسوں سے اپنے وطن سے دور ہیں اور اب جنوبی افریقہ میں مقیم اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔

زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان رہنے والے 62 سالہ فلیچر اس سے قبل انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ 2007ء کے کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد انگلش ٹیم کی کوچنگ سے دستبرداری کے بعد فلیچر جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے ساتھ بیٹنگ کنسلٹینٹ کے طور پر بھی کام کرتے رہے ہیں۔

ڈنکن فلیچر کو دو سال کی مدت کیلیے بھارتی ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ اپنی نئی ذمہ داری کب سنبھالیں گے۔

اس سے قبل امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ فلیچر رواں برس جون میں ہونے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز سے قبل اپنی نئی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔

تاہم'بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا' کے سیکریٹری این سرینی واسن نے بدھ کے روز ایک اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے باعث فلیچر بھارتی ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد کوچنگ کا آغاز کرینگے۔

XS
SM
MD
LG