رسائی کے لنکس

بھارت: علاج کے خواہش مند تمام پاکستانیوں کو ویزہ دینے کا اعلان


بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج (فائل فوٹو)
بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج (فائل فوٹو)

بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سشما سوراج کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ہم ان تمام جائز ویزا درخواستوں کو منظور کرلیں گے جو ہمارے پاس موجود ہیں۔

بھارت کی وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے اعلان کیا ہے کہ نئی دہلی ان تمام پاکستانیوں کو ویزے جاری کرے گا جنہوں نے بھارت میں علاج کے لیے درخواستیں دے رکھی ہیں۔

پاکستان سے بہت سے مریض نسبتاً بہتر اور سستی طبی سہولتوں کی وجہ سے بھارت کے اسپتالوں سے علاج کے لیے رجوع کرتے ہیں لیکن دونوں ملکوں کے کشیدہ تعلقات کی وجہ سے حالیہ مہینوں میں طبی بنیادوں پر ویزوں کے اجرا میں بھی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سمشا سوراج نے گزشتہ ماہ ہی یہ کہا تھا کہ علاج کے لیے بھارت آنے کے خواہش مند افراد کو اس وقت کے پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا خصوصی خط حاصل کرنا ہو گا۔

تاہم منگل کو بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سشما سوراج کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ہم ان تمام جائز ویزا درخواستوں کو منظور کرلیں گے جو ہمارے پاس موجود ہیں۔

رواں ہفتے ہی سشمار سوراج نے سرطان کے عارضے میں مبتلا ایک پاکستانی خاتون کو بھارت کا ویزہ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

فائزہ تنویر نامی اس خاتون کو پہلے ویزہ جاری کرنے سے اس بنا پر انکار کر دیا گیا تھا کیونکہ ان کی درخواست کے ساتھ سرتاج عزیز کا خصوصی خط منسلک نہیں تھا۔

XS
SM
MD
LG