رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: بھارت کا بیرون ملک پھنسے شہریوں کو واپس لانے کا فیصلہ


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

بھارت نے کرونا وائرس کے باعث دنیا کے مختلف ممالک میں پھنسے شہریوں کی وطن واپسی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

حکومت نے شہریوں کی واپسی کے لیے خصوصی طیاروں کے علاوہ نیوی کے بحری جہازوں کے ذریعے مختلف ملکوں میں موجود شہریوں کی واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق بھارت کی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے بتایا ہے کہ دو بحری جہاز مالدیپ اور متحدہ عرب امارات روانہ کر دیے گئے ہیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے 'ہندوستان ٹائمز' کے مطابق یہ آپریشن سات مئی سے شروع ہو گا۔ جس میں سات روز کے اندر 12 ممالک سے 64 خصوصی پروازوں کے ذریعے لگ بھگ 14800 شہریوں کو واپس لایا جائے گا۔

حکام کے مطابق روزانہ دو ہزار شہری بھارت واپس پہنچیں گے۔ جن کی ایئر پورٹ پر مکمل اسکریننگ کی جائے گی۔ وبا کی علامات نہ رکھنے والے شہریوں کو گھر جانے کی اجازت ہو گی جب کہ بیمار افراد کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ 64 پروازیں امریکہ، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر، برطانیہ، بنگلہ دیش، سنگا پور، فلپائن، کویت، بحرین، اومان اور ملائیشیا سے بھارتی شہریوں کو واپس لائیں گی۔

متحدہ عرب امارات کی حکومت بھی غیر ملکی ورکرز کی واپسی کے لیے متعلقہ حکومتوں پر زور دے رہی ہے۔ 20 اپریل تک ملک سے 23 ہزار غیر ملکی وررکز کا انخلا ہو چکا ہے۔

لاک ڈاؤن سے متاثر لوگوں کا پیٹ بھرنے والے دہلی کے گردوارے
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:12 0:00

لیکن بھارت کی حکومت کم وسائل اور لاکھوں افراد کو وطن واپس لا کر اُنہیں قرنطینہ کرنے جیسے مسائل کے پیش نظر شش و پنج کا شکار تھی۔

متحدہ عرب امارات میں بھارت کے سفارت خانے کا کہنا ہے کہ لگ بھگ دو لاکھ افراد نے بھارت واپس جانے کے لیے درخواستیں جمع کرا رکھی ہیں۔

کرونا کے باعث مختلف ممالک میں معاشی بحران کی طرح متحدہ عرب امارات میں بیرون ملک سے ملازمت کے لیے آئے ہزاروں افراد بے روزگار ہو گئے ہیں۔

تیل سے مالا مال خلیجی ملک میں کم اُجرت کے باعث زیادہ تر مزدور پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور نیپال جیسے ملکوں سے بلائے جاتے ہیں۔

وبا کے سبب فضائی آپریشن بند ہونے سے ہزاروں بھارتی شہری متحدہ عرب امارات میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ جن میں سے بعض بیمار بھی ہیں جب کہ کئی افراد نامساعد حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

بھارت نے فضائی آپریشن بند ہونے سے قبل لگ بھگ 2500 بھارتی شہریوں کا چین، جاپان، ایران اور اٹلی سے انخلا کیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ وطن واپس آنے والوں کی کرونا ٹیسٹنگ، قرنطینہ میں رکھنے اور اُنہیں گھر جانے کی اجازت دینے جیسے معاملات کی نگرانی ریاستی حکومتیں کریں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہزاروں بھارتی شہری وطن واپس آنا چاہتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہزاروں بھارتی شہری وطن واپس آنا چاہتے ہیں۔

بھارت میں کرونا کے ایک ہی روز میں ریکارڈ کیس

بھارت میں کرونا وائرس کے ایک ہی روز میں ریکارڈ کیس سامنے آئے ہیں۔

بھارت کے محکمہ صحت کے مطابق منگل کو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3900 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق کرونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں 195 مریضوں کی ہلاکت بھی ہوئی ہے۔

ملک بھر میں کرونا کے مجموعی کیسز 46 ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔ وائرس کے باعث اب تک 1568 ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔

بھارت کی حکومت نے کیسز بڑھنے کے باوجود ملک کے مختلف حصوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی بھی کی ہے۔

XS
SM
MD
LG