بھارت میں جمعرات کو جاری ہونے والی قومی مردم شماری کی نئی رپورٹ کے مطابق ملک کی کل آبادی اندازاً ایک ارب 21 کروڑ ہوگئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی کل آبادی، امریکہ ، انڈونیشا، برازیل، پاکستان ،بنگلہ دیش اور جاپان کی مجموعی آبادی کے تقریباً برابر ہے۔
2011ء کی مردم شماری رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک دہائی میں بھارت کی آبادی میں 18 کروڑ 10 لاکھ افراد کا اضافہ ہو ا ہے جو تقریباً 18فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
بچوں کی آبادی میں جنسی تناسب کی شرح ایک ہزار لڑکوں کے مقابلے میں 914 لڑکیاں بتائی گئی ہیں۔ مزید برآں شرح خواندگی میں نو فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔
مردم شماری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اترپردیش بھارت کی سب سے زیادہ گنجان آباد ریاست ہے جس کی آبادی 19 کروڑ نوے لاکھ سے زائد ہے۔