بھارت نے کہا ہےکہ امریکی صدربراک اوباما کے دورے سےدونوں ملکوں کے مابین تعمیری اورسود مند اشتراک کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور گذشتہ ایک دہائی کے دوران دونوں نے باہمی رشتوں کے فروغ کے لیے جو اقدامات کیے ہیں اُن کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔
سکریٹری خارجہ نیروپما راؤ نے جمعرات کے روز نئی دہلی میں کہا کہ بھارت کو‘ اِس دورےسے کسی بہت ہنگامہ خیز نتیجے کی توقع نہیں ہے، البتہ طویل المدتی دفاعی فریم ورک کی تشکیل میں مدد ملے گی۔’
اُنھوں نے کہا کہ اِس دورے میں مختلف شعبوں میں آپ ایسے ٹھوس اور اہم اقدامات دیکھیں گے جِن سے دفاعی نوعیت کے باہمی رشتوں میں توسیع ہوگی اور دونوں ملکوں کو فائدہ پہنچے گا۔
نیروپما راؤ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دونوں ملکوں کا خیال ہے کہ دوہرے استعمال کی ٹیکنالوجی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر نظرِ ثانی کی ضرورت ہے۔
دونوں ملکوں کے مابین زراعت، صحت، تعلیم، شفاف توانائی اور خلائی امور کے سلسلے میں متعدد معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
امریکی صدر کے دورے کے موقعے پر نئی دہلی اور ممبئی میں غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے جارہے ہیں۔ جمعرات کے روز ممبئی میں سکیورٹی مشق کی گئی جِس میں امریکی سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں، بھارتی خفیہ کے اہل کاروں، ایئر ٹریفک کنٹرولر، این ایس جی کمانڈوز اور دیگر ایجنسیوں کے ذمہ داروں نے شرکت کی۔
ممبئی کے ‘ہوٹل تاج پیلیس’ اور نئی دہلی کے ‘ہوٹل موریا شیرٹن’ کو چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ امریکی سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور پورے ملک میں غیر معمولی چوکسی بڑھتی جارہی ہے۔ نئی دہلی میں ہفتے کے روز سکیورٹی مشق کی جائے گی۔ امریکی سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں نے دونوں ہوٹلوں میں مختلف قسم کے آلات نصب کردیے ہیں تاکہ کسی بھی طرح کی ایمرجنسی سے نبرد آزما ہواجاسکے۔ دونوں شہروں کے ہوائی اڈوں پر بھارتی اور امریکی سکیورٹی جوان ایئر ٹریفک کنٹرول سنبھالیں گے۔
ممبئی میں سمندری ساحل کی نگرانی بھارتی بحریہ نے سنبھال لی ہے۔ دونوں ہوٹلوں کے آس پاس کی اونچی عمارتوں کی سکیورٹی جانچ کی جارہی ہے۔ اُن کی چھتوں پر کمانڈوز تعینات رہیں گے۔
صدر اوباما چھ نومبر کو ممبئی پہنچ رہے ہیں۔ وہ سات نومبر کو نئی دہلی آئیں گے۔ البتہ، دہلی کا باضابطہ دورہ آٹھ نومبر کی صبح سے شروع ہوگا۔
دونوں ملکوں کے مابین زراعت، صحت، تعلیم، شفاف توانائی اور خلائی امور کے سلسلے میں متعدد معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1