رسائی کے لنکس

بھارت: ماؤ باغیوں کے حملے میں 20 اہلکار ہلاک


حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی اور اطلاعات کے مطابق باغیوں کے ساتھ تقریباً تین گھنٹوں تک گھمسان کی لڑائی ہوتی رہی۔

بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کر کے کم ازکم 20 اہلکاروں کو ہلاک کردیا ہے۔

حکام کے مطابق منگل کو ضلع سکم میں جیرم گھاٹی نامی گاؤں کے قریب باغیوں نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا جس سے 18 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ زخمی ہونے والے اہلکاروں میں سے دو نے بعد ازاں دم توڑا۔

حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی اور اطلاعات کے مطابق باغیوں کے ساتھ تقریباً تین گھنٹوں تک گھمسان کی لڑائی ہوتی رہی۔

اس واقعے میں کسی باغی کی ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

حملے کا نشانہ بننے والے نیم فوجی دستے سڑک کی تعمیر کے جاری کام کی حفاظت کے لیے گزشتہ کئی ماہ سے اس علاقے میں تعینات ہیں۔

بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق تقریباً دس سے بیس ہزار کے درمیان ماؤ نواز باغی ملک کی مختلف ریاستوں میں چھپے ہوئے ہیں اور یہ اکثر عام شہریوں، سکیورٹی فورسز اور سرکاری تنصیبات پر حملے کرتے رہتے ہیں۔

ایک اندازاے کے مطابق حالیہ برسوں میں ماؤنواز باغیوں کی پرتشدد کارروائیوں میں ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG