رسائی کے لنکس

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں سڑک حادثہ،20 افراد ہلاک


بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ہفتے کو پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں کم سے کم بیس افراد ہلاک اور سولہ زخمی ہوگئے۔ شدید زخمی ہونے والے دس افرادکو ہیلی کاپٹر کے ذریعے جموںکے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تاہم ان میں سے پانچ زخمی دوران علاج چل بسے ۔

حادثے کا شکار بس جموں، سری نگر سے ملانے والی شاہراہ سے گزر رہی تھی کہ خمیدہ کے مقام پر موڑتے ہوئے گاڑی بے قابو ہوگئی اور دو سو میٹر گہری کھائی میں جاگری۔

مرنے والوں میں چار خواتین اور منی بس کا ڈرائیور بھی شامل ہیں۔

عہدیداروں نے بتایا کہ منی بس ہائی وے قصبوں بانہال اور رام بن کے درمیان چل رہی تھی اور جس وقت اسے حادثہ پیش آیا اس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔

عہدیداروں کے مطابق حادثے کی اطلاع ملنے کے فوراریسکیو کارروائی شروع کردی گئیں۔ رام بن کے ڈپٹی کمشنر شوکت اعجاز نے بتایا کہ انہوں نے زخمیوں کو جموں منتقلی کے لئے فوری طور پر ہیلی کاپٹرطلب کیاہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس رفیق الحسن نے بتایا ’جائے حادثہ سے پندرہ افراد کی لاشیں ملی ہیںجبکہ16 لوگ زخمی ہیں۔ ان میں سے دس کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ۔ انہیں بہتر علاج کے لئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جموں لے جایا گیا ہے۔‘

ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال میں داخل کرائے گئے زخمی افراد میں سے پانچ بعد میں چل بسے۔

یہ علاقہ چناب وادی کا ایک حصہ ہے جہاں اس طرح کے حادثات کا رونما ہونا اب ایک معمول بن گیا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران پیش آنے والے پانچ حادثات میں پچاس سے زائد لوگ مارے گئے ہیں۔

مقامی لوگ آئے روز پیش آنے والے اس طرح کے حادثات کی وجوہات میں خراب سڑکیں، اوُر لوڈنگ ،لاپرواہی کے ساتھ کی جانے والی ڈرائیونگ اور ٹریفک عملے کی مبینہ غفلت کو قرار دے رہے ہیں۔

  • 16x9 Image

    یوسف جمیل

    یوسف جمیل 2002 میں وائس آف امریکہ سے وابستہ ہونے سے قبل بھارت میں بی بی سی اور کئی دوسرے بین الاقوامی میڈیا اداروں کے نامہ نگار کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔ انہیں ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں اب تک تقریباً 20 مقامی، قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے جن میں کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کی طرف سے 1996 میں دیا گیا انٹرنیشنل پریس فریڈم ایوارڈ بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG