رسائی کے لنکس

اجمل قصاب کومجرم قرار دے دیا گیا


ممبئی میں ہوٹلوں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں غیر ملکیوں سمیت 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ممبئی میں ہوٹلوں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں غیر ملکیوں سمیت 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

بھارت کی ایک خصوصی عدالت نے ممبئی کے دہشت گردانہ حملوں میں بچ جانے والے واحد حملہ آور پاکستانی شہری اجمل قصاب کومجرم قرا ر دے دیا ہے۔ پیر کے روز عدالت نے قصاب کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے دیگر دو بھارتی ملزمان صباح الدین اور فہیم انصاری کو ناکافی شواہد کی بنیاد پر بری کر دیا ۔

فہیم اور صباح پر ممبئی حملوں میں ملوث افراد کی معاونت کا الزام تھا۔ بھارت کے وزیر داخلہ پی چدم برم نے عدالتی فیصلے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اب اگلا قدم اجمل کی سزا کا ہے۔ بھارتی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق اجمل قصاب کو سزا بدھ کے روز سنائی جائے گی ۔

بھارتی وزیرداخلہ سے جب پوچھا گیا کیا وہ پاکستان کو کو ئی پیغام دینا چاہتے ہیں تو اُنھوں نے کہا کہ عدالتی فیصلہ خود پاکستان کے لیے ایک پیغام ہے کہ وہ بھارت میں دہشت گردی ”برآمد“ نہ کرے اور اُن کے بقول اگر ایسا ہوتا ہے تو دہشت گردوں کو گرفتار کر کے اُنھیں قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی۔

ممبئی حملوں میں ملوث دس حملہ آوروں میں سے صرف اجمل قصاب ہی زخمی حالت میں زندہ پکڑاگیاتھا اور بھارت کی خصوصی عدالت میں اُ س کے خلاف قائم قتل سمیت دیگر مقدمات میں گذشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے سماعت جاری تھی اور ابتدائی طور پر جرم کا اعتراف کرنے کے بعد اجمل قصاب عدالت میں اپنے بیان سے پیچھے بھی ہٹ گیا تھا۔

نومبر 2008 ء میں ممبئی حملوں میں 166 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور بھارت نے اس کی ذمہ داری کالعدم تنظیم لشکر طیبہ پر عائد کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ امن مذاکرات معطل کر دیے تھے۔ پاکستانی حکومت نے بھی ممبئی حملوں کے سرغنہ ذکی الرحمن لکھوی سمیت دیگر افراد کو حراست میں لے کر اُن کے خلاف عدالتی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔

تقریباً دو ہفتے قبل پاکستان نے بھارت سے اجمل قصاب کی حوالگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی حملوں میں ملوث افراد کو سزا دلوانے کے لیے ضروری ہے کہ اجمل قصاب پاکستانی عدالت میں آکر اپنا بیان قلمبند کرائے۔

XS
SM
MD
LG