رسائی کے لنکس

بھارت نے ہیڈلی اور رانا کے خلاف عذرداری واپس لے لی


بھارت
بھارت

بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی نے دہلی کی ایک عدالت میں داخل اِس عذرداری کو واپس لے لیا ہے جِس میں ممبئی حملوں کے ملزم ڈیوڈ ہیڈلی اور تہور حسین رانا کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

تحقیقاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکہ اِن مشتبہ دہشت گردوں تک بھارتی تفتیش کاروں کو رسائی حاصل کرنے کا موقع فراہم کررہا ہے۔ اِس کے علاوہ، وہ اِن دِنوں امریکہ کی تحویل میں ہیں جِس کے ساتھ بھارت کا حوالگی معاہدہ ہے۔

ڈیوڈ ہیڈلی نے ممبئی حملوں میں اعانت کا اعتراف کر لیا ہے اور گذشتہ دِنوں بھارتی تفتیش کاروں نے اُن سے پوچھ گچھ بھی کی ہے۔

البتہ، تحقیقاتی ایجنسی نے مبینہ طو ر پر بھارت میں دہشت گردی کی سازش تیار کرنے کے سلسلے میں لشکرِ طیبہ کے حافظ سعید اور ذکی الرحمٰن لکھوی اور پاکستانی فوج کے دو اعلیٰ عہدے داروں سمیت چار لوگوں کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرنے کی اپیل کی ہے اورکہا ہے کہ اُن کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کروانے کے لیے ایسا کرنا ضروری ہے۔

عدالت نے تحقیقاتی ایجنسی کو کیس ڈائری کی نقل پیش کرنے کو کہا ہے، تاکہ ملزمان کے خلاف فردِ جرم عائد کی جاسکے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG