پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پلوامہ حملوں کے بعد کی طرح کارروائی کرنا چاہتا ہے. تاہم, وہ نریندر مودی کو تنبیہ کرتے ہیں کہ پاکستان اینٹ کا جواب پتھر سے دے گا۔
مظفر آباد میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بھارت کے وزیر اعظم نے کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت ختم کر کے غلط کارڈ کھیلا ہے جس کا خمیازہ بھارت کو بھگتنا پڑے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا بھارت سے اختلاف نظریاتی ہے۔ بھارت کی شدت پسند تنظیم راشٹریہ سیوک سنگھ (آر ایس ایس) جرمنی کی نازی پارٹی کی طرح اپنا انتہا پسند ایجنڈا خطے میں مسلط کرنا چاہتی ہے جب کہ نریندر مودی اس کے حمایتی ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے غلط کارڈ کھیل کر ایک اسٹرٹیجک بلنڈر کیا ہے۔ ان کے اس اقدام سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہو گیا ہے۔ ان کے بقول "وہ اب مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کے لیے بطور سفیر کام کریں گے۔"
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ بھارت پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مداخلت کا ارادہ رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "بھارت پاکستانی کشمیر میں مداخلت کے ذریعے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانا چاہتا ہے۔"
'کشمیر میں کرفیو کیوں لگایا'
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کہتے کہ ان کے اس اقدام سے کشمیر میں خوشحالی آئے گی۔ کیا یہ خوشحالی ہے کہ کشمیر میں کرفیو لگا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے کس طرح عوام کی آواز کو دبا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سیاست دان جس طرح سے کشمیر کی خواتین سے متعلق بیانات دے رہے ہیں وہ بیمار ذہنیت کی علامت ہے۔
'اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی مجبوریاں ہیں'
وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی کچھ مجبوریاں ہیں۔ تاہم، دنیا بھر کے سوا ارب مسلمان کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ اقوام متحدہ کو سوچنا چاہیے کہ اس کی قراردادوں پر اب تک عمل کیوں نہیں ہوا۔
'کشمیر کاز کے لیے کردار ادا کریں گے'
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے فوج کے سربراہ قمر جاوید باجوہ کا بیان جاری کیا ہے۔
اس ٹوئٹ کے مطابق، جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستانی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کی فوج کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج نتائج کی پرواہ کیے بغیر ہر ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔