رسائی کے لنکس

بھارت کا کلبھوشن تک سفارتی رسائی کا مطالبہ


پاکستانی وزارت خارجہ کی عمارت
پاکستانی وزارت خارجہ کی عمارت

پاکستان کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادو کو اپنی سزا کے خلاف اپیل کرنے کا قانونی حق حاصل ہے۔

پاکستان میں ایک فوجی ٹریبونل نے رواں ماہ مبینہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کو سزا موت سنائی تھی۔

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے جمعہ کو نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک اپیل کورٹ کلبھوشن کی سزا کو برقرار رکھتی ہے تو وہ فوج کے سربراہ سے اپنی سزا کے خلاف رحم کی اپیل کر سکتا ہے۔

پاکستانی حکام نے گزشتہ سال ملک کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں ایک کارروائی کر کے ایک بھارتی شہری کلبھوشن یادیو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا جو مبینہ طور پر بھارت کے خفیہ ادارے 'را' کا ایجنٹ اور بھارتی بحریہ کا حاضر سروس ملازم ہے

اگرچہ بھارت نے یہ تسلیم کیا تھا کہ کلبھوشن اس کا شہری ہے اور وہ بھارتی بحریہ کا سابق افسر ہے، تاہم بھارت کی طرف سے اس الزام کو مسترد کیا جاتا رہا کہ کلبھوشن کا تعلق 'را' سے ہے۔

پاکستان میں گرفتاری کے بعد بھارت کلبھوشن یادو تک سفارتی رسائی کا مطالبہ کرتا رہا ہے اور جمعہ کو ایک بار پھر اسلام آباد میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا نے پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تسنیم جنجوعہ سے ملاقات میں اس مطالبے کو دہرایا ۔

اسلام آباد میں بھارت کے سفارت خانے کی طرف سے ٹوئیڑ بیان میں کہا گیا کہ گوتم بمباوالا نے کلبھوشن کے خلاف سنائے جانے والے فیصلے کی مصدقہ نقل اور ان کے خلاف عائد کیے جانے والے الزامات کی تفصیل طلب کرتے ہوئے ان تک سفارتی رسائی کامطالبہ کیا۔

دوسری طرف اطلاعات کے مطابق بھارت کلبھوشن کو سزا سے بچانے کے لیے سفارتی کوششوں کے علاوہ قانونی طریقہ کار بھی اختیار کر سکتا ہے جس کے تحت کلبھوشن کے خاندان کی طرف سے ان کی سزا کے خلاف پاکستانی عدالت میں اپیل دائر کی جا سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG