کراچی کے نزدیک پاکستان فضائیہ کے نئے قائم ہونے والے بھولاری ایئر بیس کا افتتاح ہوگیا ہے، جس کے بعد پاک فضائیہ کے فلائنگ اڈوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔
فضائیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے شمال مشرق میں واقع اس ایئر بیس کی افتتاحی تقریب قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر کی گئی۔
پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان تقریب کے مہمان خصوصی تھے جب کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی شریک تھے۔
ترجمان کے مطابق، افتتاحی تقریب کے موقع پر 4 ایف سولہ طیاروں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے فلائی پاس کیا، جب کہ بیس کمانڈر نے شرکا کو بیس کے انفرا اسٹرکچر اور مختلف سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان کا کہنا تھا کہ بھولاری بیس ایک اسٹریٹجک اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔
بھولاری بیس سے پی اے ایف کی زمین پر اور سمندر میں صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی، بیس کے قیام سے پی اے ایف پاک فوج کے زمینی آپریشنز کی مؤثر انداز میں مدد کر سکے گی، پاک نیوی کے آپریشنز کے حوالے سے بھی یہ ایئر بیس معاون ثابت ہوگا۔
ایئر چیف کا کہنا تھا کہ بھولاری ایئر بیس ملک کے فضائی دفاع کے علاوہ سی پیک منصوبوں کے تحفظ کے لیے بھی کلیدی کردار ادا کرے گا اور اس سے علاقے کی ترقی، صحت و تعلیم کے شعبوں میں خدمات اور مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
بھولاری ائیر بیس پاک فضائیہ کا آپریشنل فلائنگ بیس ہے جہاں سے سندھ، بلوچستان اور سمندری سرحدوں کا دفاع ممکن ہوسکے گا۔