رسائی کے لنکس

دورہ چین: عمران خان عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان چار روزہ دورہ پر چین روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ میں یہ دورہ پاک چین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے کر رہا ہوں۔

اس دورے میں ان کی آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ جب کہ وزیراعظم عمران خان 26 اپریل کو بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اس فورم سے میزبان ملک چین کے صدر شی چن پنگ خطاب بھی کریں گے۔ اس فورم کے دوسرے سیشن سے وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔

دورے کے دوران وزیر اعظم کی مصر، ازبکستان، روس، ایتھوپیا، سوئٹزرلینڈ، بیلاروس اور انڈونیشیا کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

وزیراعظم کی سرکاری ملاقاتوں کا سلسلہ 26 اپریل سے شروع ہو گا۔ عمران خان کی ورلڈ بینک سی ای اوکر سٹالینا جارجیوا اور آئی ایم ایف ایم ایف کی کرسٹینالوگارڈ سے بھی اہم ملاقاتیں طے ہیں۔ تجزیہ کار ظفر ہلالی نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات جلد طے پا جائیں گے۔

عمران خان 27 اپریل کو عالمی کانفرنس سینٹر پہنچیں گے، جہاں چینی صدر ان کا استقبال کریں گے۔ عمران خان ” ترقی کے نئے ذرائع” کے موضوع پر تقریر کریں گے۔ وزیراعظم یو این ترقیاتی ایجنڈا برائے 2030 کے سیشن میں بھی شریک ہوں گے۔ وہ 27 اپریل کو چین کی نائب صدر وانگ کیشان سے ملیں گے، جب کہ چینی صدر شی جن پنگ سے ان کی ون آن ون ملاقات 28 اپریل کو ہو گی۔ اس موقع پر مختلف معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔

چین نے حالیہ عرصہ میں مولانا مسعود اظہر سمیت اہم معاملات پر پاکستان کا ساتھ دیا، ظفر ہلالی کہتے ہیں کہ پاکستان نے اس حوالے سے جو اقدامات کیے ہیں ان پر چین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

اس دورے میں وزیراعظم کی ہواوے کمپنی کے سی ای او سے ملاقات پروگرام میں شامل ہے۔، جب کہ پاک چین ٹریڈ انویسٹمنٹ فورم وزیراعظم کے اعزازمیں ظہرانہ دے گا۔ عمران خان کار بنانے والی ایک نجی کمپنی کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے۔

عمران خان چائنا گارڈن میں شجر کاری مہم میں حصہ لیں گے اور چین کی ثقافتی نمائش 2019 میں بھی شریک ہوں گے۔

وزیر اعظم کے اس دورے میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر توانائی عمر ایوب اور زلفی بخاری بھی شامل ہیں۔ جب کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی پہلے ہی جاپان سے چین پہنچ چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG