رسائی کے لنکس

’مولانا فضل الرحمٰن کے لوگوں کو بھی قرض دیں گے، اگر وہ میرٹ پر آئے‘


پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے پاکستان میرٹ نہ ہونے اور کرپشن کی وجہ سے نیچے گیا۔ کرپشن کے خاتمے اور میرٹ قائم کرنے سے ہی پاکستان اوپر جائے گا۔

وہ جمعرات کو اسلام آباد میں ’کامیاب جوان‘ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کے لیے آسان شرائط پر قرض فراہم کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اس موقع پر 10 لاکھ نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے آسان شرائط پر قرض دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس کی ضمانت لیتا ہوں کہ یہ قرض صرف میرٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے اور اس میں کسی کی کوئی سفارش نہیں چلے گی۔

میرٹ کے موضوع پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ قائد اعظم نے کہا تھا کہ ملک میں میرٹ لانا اور کرپشن سے بچنا۔ میرٹ جتنا اچھا ہوگا، جمہوریت بھی اتنی ہی بہتر ہوگی۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے مولانا فضل الرحمٰن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمٰن کے لوگوں کو بھی قرض دے دیں گے، اگر وہ میرٹ پر آئے۔

عمران خان نے نام لیے بغیر فضل الرحمٰن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ یہ پہلی اسمبلی ہے جو ’ڈیزل‘ کے بغیر چل رہی ہے۔

یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت کے خلاف 31 اکتوبر کو ’آزادی مارچ‘ اور اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بھی مولانا فضل الرحمٰن کے آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے سرگرم ہے۔

حکومت نے آزادی مارچ کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی اتحادی جماعتوں مسلم لیگ (ق)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)، بلوچستان عوامی پارٹی (بی این پی) سے رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

یکساں نظام تعلیم سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک میں یکساں تعلیمی نظام ہو۔ ہمیں مدرسوں کے بچوں کو بھی اپنا بچہ سمجھنا ہے اور انہیں سائنس کی تعلیم بھی دینی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تبدیلی ایک سوئچ آن کرنے سے نہیں آتی۔ پہلے ذہنوں میں تبدیلی آتی ہے پھر زمین پر تبدیلی آتی ہے۔

XS
SM
MD
LG