سماجی رابطےکی ویب سائٹس پران دنوں ایک پیچیدہ اعصابی بیماری 'لوگیرگ' کے بارے میں شعور پیدا کرنے کے لیے چندہ جمع کرنے کی ایک مہم زوروں پر ہے۔
فالج نما بیماری 'لوگیرگ' یا 'اے ایل ایس' پر تحقیق کے لیے عطیات اکھٹا کرنے کی غرض سے مشہور شخصیات، کاروباری رہنما اور سیاست دان اس مہم کے تحت ٹھنڈے یخ پانی سے بھری بالٹی سر پر انڈیلنے کا چیلنج قبول کر رہے ہیں۔
برطانیہ میں 'اے ایل ایس' تنظیم کی اس چندہ مہم کو 'مکملین کینسر سپورٹ' اور 'موٹر نیوران ڈیزیز ایسوی ایشن' کی حمایت حاصل ہے جن کی ویب سائٹ پر لوگوں سے '#آئس بکیٹ چیلنچ' میں شرکت کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔
اس خیراتی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف شعبوں کی مشہور اور نمایاں شخصیات اہم اہم کردار ادا کر رہی ہیں جو ایک دوسرے کو برفیلے پانی سے بھری بالٹی سر پر انڈیلنے کا چیلنچ دے کر اس مہم میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔
فیس بک کے بانی مارک زکربرگ، سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش سے لے کر دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس، برٹنی اسپئیر، لیڈی گاگا اور ڈیوڈ بیکھم جیسی مشہور شخصیات اب تک اس چیلنج کو قبول کرچکی ہیں۔
'اے ایس ایل ایسوسی ایشن' کے مطابق اب تک اس مہم کے ذریعے 22.9 ملین ڈالر اکھٹے کئے جاچکے ہیں اور مہم میں اب تک کئی مشہور شخصیات سمیت 50 ہزار لوگ حصہ لے چکے ہیں۔
فالج نما اس اعصابی بیماری کے بارے میں آگاہی کی یہ مہم 29 جولائی سے جاری ہے۔ 'اے ایل ایس فاونڈیشن' کی اس چندہ مہم کا حصہ بننے والوں کو مہم کے اصول کے مطابق ٹھنڈے یخ پانی کی بالٹی سر پر انڈیلنے کی شرط کو پورا کرنا ہوتا ہے۔
اس شرط کو پورا کرنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس چیلنج کی ویڈیو کلپ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر پوسٹ کرتے ہوئے تین افراد کو 'اے ایس ایل ہیش ٹیگ آئس بکیٹ چیلنج' مکمل کرنے کے لیے نامزد کریں۔
نامزد ہونے والے افراد اپنی مرضی سے اس چیلنج کو قبول کرسکتے ہیں یا پھر انکار بھی کرسکتے ہیں۔ انکار کرنے کی صورت میں ان سے عطیہ کی اپیل کی جاتی ہے تاہم شرط کو پورا کرنے والے افراد بھی مہم کے لیے عطیات جمع کراسکتے ہیں۔
'آئس بکیٹ چیلنج' پہلی بار بوسٹن کے ایک سابق بیس بال کھلاڑی کی طرف سے دیا گیا جو خود اس بیماری میں مبتلا تھا۔ فیس بک پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں کھلاڑی نے بیس بال کے پیشہ ور کھلاڑیوں کو برف کے ٹھنڈے پانی سے بھری بالٹی سر پر انڈیلنے کا چیلنج دیا تھا۔
'ہفنگٹن پوسٹ' کے مطابق گزشتہ ہفتے 'مائیکرو سافٹ' کے مالک بل گیٹس نے 'فیس بک' کے بانی مارک زکربرگ کی جانب سےدیے جانے والے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے ٹھنڈے پانی کی زیادہ بڑی بالٹی اپنے سر پر انڈیلتے ہوئے اس چیلنج کا جواب بہت خوبصورتی سے دیا ہے۔
اس سے قبل مارک زکربرگ نے فیس بک پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انھیں نیوجرسی کے گورنر کی جانب سے ملنے والا چیلنج قبول کرتے ہوئے سر پر ٹھنڈے پانی کی بالٹی اںڈیلتے ہوئے دکھایا گیا تھا جس کے بعد وہ کچھ لمحے کے لیے ساکت ہوگئے تھے۔
'بوسٹن گلوب' کے مطابق اس مہم میں آنجہانی امریکی سینیٹر رابرٹ ایف کینیڈی کی 86 سالہ بیوہ ایتھل کینیڈی بھی شریک ہوچکی ہیں۔ انہوں نے نہ صرف ٹھنڈا پانی سر پر انڈیلنے کا چیلنچ قبول کیا بلکہ امریکی صدر بارک اوباما کو بھی ایسا کرنے کی تجویز دی۔ جسے امریکی صدر نے قبول تو نہیں کیا لیکن انھوں نے اس اعصابی بیماری کی تحقیق کے لیے چندہ جمع کرادیا ہے۔