رسائی کے لنکس

شاہ رخ کے ساتھ کام کرنا خواب تھا، ماہرہ خان


ماہرہ نے بتایا ’’ میں خود کو خواب میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرتا اور مادھوری ڈکشت کی طرح ڈانس کرتے دیکھتی تھی۔ یہ خواب اچانک پورا ہوا کیونکہ مجھے خوابوں کے پورا ہونے پر یقین ہے۔‘‘

پاکستان فلم و ٹیلی ویژن انڈسٹری میں نام کمانے کے بعد بالی وڈ کا رخ کرنے والی ماہرہ خان خواب دیکھنے اوران کے پور ا ہونے پریقین رکھتی ہیں۔

کنگ آف بالی وڈ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا بھی ماہرہ کا ایک سپنا تھا جو شاندار طریقے سے پورا ہوا۔

کراچی کی آغاخان یونیورسٹی میں خصوصی لیکچر میں بطور مہمان ماہرہ خان نے اپنی ذاتی اور پروفیشنل زندگی کی بہت سی باتیں حاضرین سے شیئر کیں۔

ماہرہ نے بتایا ’’ میں خود کو خواب میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرتا اور مادھوری ڈکشت کی طرح ڈانس کرتے دیکھتی تھی۔ یہ خواب اچانک پورا ہوا کیونکہ مجھے خوابوں کے پورا ہونے پر یقین ہے۔‘‘

ماہرہ خان کا کہنا تھا ’’ہر شخص کبھی نہ کبھی ناکامی کا منہ دیکھتا ہے۔ مجھ بھی اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں ناکامی کے تجربے سے گزرنا پڑا۔ ایمان ہی وہ چیز ہے جو ہرناکامی اور زندگی کے مشکل دنوں میں آپ کا ساتھ دیتا اور مضبوط بناتا ہے۔ کٹھن وقت میں ایمان اور یقین رکھنا کہ’ سب ٹھیک ہو جائے گا‘ بڑی بات ہے اور پھر واقعی سب ٹھیک اوراچھا ہو بھی جاتا ہے۔‘‘

’’کامیابی کب اور کیسے ملی؟‘‘
اس بارے میں ماہرہ نے کہا’’ میں اپنے اندر اٹھنے والی آواز سنتی اور اس پر عمل کرتی ہوں۔ بہت سے لوگوں نے مجھ سے کہا کہ فلم ’بول‘ میں رول قبول نہ کروں کیونکہ وہ ایک مختصر کردار تھا۔ اسی طرح ’’ ہمسفر‘‘ میں کام کرنے کا فیصلہ بھی اپنے اندر کی آواز پرکیا۔ دونوں ہی پروجیکٹس بہت مقبول ہوئے۔‘‘

ماہرہ کے بقول ۔۔’’کامیابی کا کوئی لگا بندھا فارمولا نہیں ہوتا۔ ہم سے ہر شخص منفرد اور مختلف ہے اور راستے بھی جدا ہوتے ہیں لیکن ناکامی کو بھی نہیں بھولنا چاہئے۔ ’بول‘ اور پھر شاہ رخ خان کے ساتھ فلم کے کریڈٹس پر اپنا نام دیکھنے کے لئے میں نے بہت طویل انتظار کیا۔‘

انہوں نے مزید بتایا ’بول‘ کے کریڈٹس میری نظروں کے سامنے اسکرین سے گزر گئے لیکن کسی وجہ سے میرا نام شامل نہ ہوسکا۔ ’رئیس‘ کے ٹیزر میں ’انٹرو ڈیو سنگ :ماہرہ خان‘ ضرور چلا لیکن فلم کے کریڈٹس میں میرا نام نہیں تھا۔ جب فلم ریلیز ہوئی تو ’رئیس ‘ پر پاکستان میں پابندی لگ گئی اور مجھ پر بھارت میں۔‘

ماہرہ خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ’ خواب دیکھتے رہیں اور خوابوں پر یقین رکھیں۔‘

XS
SM
MD
LG