رسائی کے لنکس

دو سپر ہٹ فلموں کے بعد، شعیب منصور کی تیسری فلم کا اعلان


’پرائڈ آف پرفارمنس‘ کا اعزاز رکھنے والے شعیب منصور کی نئی فلم کا نام ’ورنہ‘ ہوگا جو ایک خاص معاشرتی موضوع کا احاطہ کرے گی

’خدا کیلئے‘ اور ’بول‘ جیسی سپرہٹ فلمیں بنا کر پاکستانی سینما کو نئی زندگی بخشنے والے شعیب منصور نے اپنی اگلی فلم ’ورنہ‘ بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔

شعیب منصور فلم کی ڈائریکشن خود کریں گے، جبکہ کہانی بھی انہی کی تحریر کردہ ہے البتہ اسے ریلیز کرنے کی ذمے داری ’ہم فلمز‘ کی ہوگی۔ فلم اگلے سال ریلیز ہوگی۔

’پرائڈ آف پرفارمنس‘ کا اعزاز رکھنے والے شعیب منصور کی نئی فلم کا نام ’ورنہ‘ ہوگا جو ایک خاص معاشرتی موضوع کا احاطہ کرے گی۔

فلم کی ہیروئن کا انتخاب شعیب منصور پہلے ہی کرچکے ہیں۔ وہ ہیں مائرہ خان۔

شعیب منصور کا کہنا ہے ’’فلم ایک پاکستانی مرد کی جانب سے دنیا بھر کے مردوں کیلئے پیغام ہوگی کہ وہ عورتوں کو اہمیت دیں۔ فلم کا ایک مقصد عورتوں کو یہ پیغام دینا بھی ہے کہ وہ اپنے حق کیلئے آواز بلند کریں ۔ ’خدا کیلئے‘۔۔۔’بو ل‘۔۔۔’ ورنہ!‘

فلم ’ورنہ‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ’ہم نیٹ ورک‘ کی صدر سلطانہ صدیقی نے کہا ’‘ شعیب منصور جن موضوعات پر کام کرتے ہیں وہ ہمارے دل کے بھی کافی نزدیک ہیں۔ ان کی فلموں میں کمرشل پہلو کے ساتھ ساتھ عوامی بہبود اور معاشرتی حوالے سے ایک خاص پیغام ہوتا ہے اور یہی ان کی فلموں کی انفرادیت ہے۔ امید ہے کہ ان کی یہ فلم گزشتہ فلموں سے زیادہ کامیاب ثابت ہوگی۔‘‘

XS
SM
MD
LG