رسائی کے لنکس

بائیڈن کے صاحبزادے پر آتشیں اسلحہ رکھنے کے قوانین کی خلاف ورزی پر فرد جرم عائد


صدر بائیڈن اپنے صاحبزادے ہنٹر بائیڈن کے ساتھ، فائل فوٹو
صدر بائیڈن اپنے صاحبزادے ہنٹر بائیڈن کے ساتھ، فائل فوٹو

صدر بائیڈن کے صاحبزادے ہنٹر بائیڈن پر آتشین اسلحہ رکھنے کے وفاقی قوانین کی خلاف ورزی پر فرد جرم عائد کی گئی ہے ۔فرد جرم کے مطابق ہنٹر بائیڈن نے 2018 میں اسلحہ خریدتے وقت منشیات کے استعمال سے متعلق غلط بیانی کی تھی۔

یہ ہنٹر بائیڈن کے بارے میں طویل عرصے سے جاری تحقیقات میں اب تک کا تازہ ترین اور سب سے ٹھوس ا قدام ہے۔

بائیڈن پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے منشیات کے استعمال کے بارے میں اس وقت جھوٹ بولا تھا جب انہوں نے اکتوبر 2018 میں آتشیں اسلحہ خریدا تھا۔

ڈیلاویئر کی وفاقی عدالت میں دائر فرد جرم کے مطابق ایسااس عرصے میں ہوا جب ہنٹر نے کوکین کی لت سےنجات پانے کی کوشش کا اعتراف کیا تھا۔ صدر بائیڈن کے بیٹے کے کاروباری معاملات کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ہنٹر بائیڈن سے ان کے کاروباری معاملات کے بارے میں بھی تفتیش کی گئی ہے۔ کیس کی نگرانی کرنے والے اسپیشل کونسل نے کہا ہے کہ وقت پر ٹیکس ادا کرنے میں ناکامی کے الزامات واشنگٹن یا کیلی فورنیا میں دائر کیے جا سکتے ہیں، جہاں وہ رہتے ہیں۔

جمعرات کی فرد جرم ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب کانگریس کے ریپبلکنز، ڈیموکریٹک صدر کے خلاف مواخذے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ جو بیشتر ہنٹر بائیڈن کے کاروباری معاملات کے بارے میں ہے۔

ریپبلکنز نے اس بارے میں شہادت حاصل کی ہے کہ کس طرح ہنٹر بائیڈن نے بیرون ملک کاروبار کرنے کے لیے "بائیڈن برانڈ" کا استعمال کیا، لیکن انہوں نے صدر کی جانب سے کسی غلط کام کے بارے میں ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیے ہیں۔

تین الزامات پر مبنی فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ ہنٹر بائیڈن نے جب اکتوبر 2018 میں ولمنگٹن، ڈیلاویئرکی ایک ’گن شاپ‘ سے" کولٹ کوبرا اسپیشل "خریدی، تو انہوں نے گن کی خریداری کے لیے درکار فارم پر جھوٹ بولا تھا۔

ان پر یہ کہہ کر دروغ گوئی کا الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نےاس بارے میں باکس کو غلط طریقے سے چیک کیا کہ وہ منشیات کا استعمال نہیں کرتے یا اس کے عادی نہیں ہیں۔

اور منشیات کے استعمال کے ساتھ بندوق کو غیر قانونی طور پر رکھنے کا تیسرا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ان میں سے دو الزامات میں 10 سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے جبکہ تیسرے کے جرم ثابت ہونے پر پانچ سال تک قید ہو سکتی ہے۔

ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق،وکلاء نےکہا ہےکہ وہ ہنٹرکے خلاف دائر اضافی الزامات کا مقابلہ کریں گے، لیکن انہوں نےجمعرات کو تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔

(یہ رپورٹ خبر رساں ادارے اے پی کی فراہم کردہ معلومات پر مبنی ہے۔)

فورم

XS
SM
MD
LG