رسائی کے لنکس

ایران نے امریکی ہائکرز کو رہا کردیا


ایران نے امریکی ہائکرز کو رہا کردیا
ایران نے امریکی ہائکرز کو رہا کردیا

ایران نے 2009ء سے جاسوسی کے الزام میں گرفتار دو امریکی سیاحوں کو رہا کردیا ہے۔ اور یہ دونوں ہائکرز ایک خصوصی طیارے سے اومان پہنچ چکے ہیں۔ اومان میں دونوں سیاحوں کے رشتہ داروں نے انکا استقبال کیا۔ اومان میں مختصر قیام کے بعد دونوں سیاح امریکہ پہنچیں گے۔

واشنگٹن میں صدر براک اوباما نے دونوں کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے سلطنت اومان کے سلطان قابوس اور عراقی صدر کا اس معاملے میں مدد کے لیے شکریہ ادا کیا۔

شین باؤر اور جاش فیٹل کو عدالت میں ضمانتوں کی منظوری کے بعد بدھ کے روز جیل سے رہا کردیا گیا۔ جیل کے باہر سوئٹزرلینڈ کے سفارت خانے کی ایک گاڑی دونوں امریکیوں کی منتظر تھی۔ ان کی رہائی دس لاکھ ڈالر کی ضمانت پر عمل میں آئی ہے۔

ایران نے امریکی ہائکرز کو رہا کردیا
ایران نے امریکی ہائکرز کو رہا کردیا

ایران کے ٹیلی ویژن اور اخبارات نے امریکی سیاحوں کی رہائی پر رپورٹیں شائع کی ہیں۔ امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک سی این این نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدے دار نے رہائی کی تصدیق کی ہے۔

امریکی سیاحوں کے وکیل مسعود شافعی نے کہاہے کہ اس کے مؤکلوں کو سوئس سفارت خانے کے حوالے کردیا جائے گا، جو ایران میں امریکی مفادات کی نگرانی کرتا ہے۔

دونوں امریکیوں کو اپنی رہائی کے لیے کئی دن تک مزید انتظار کرنا پڑا کیونکہ ضمانت کے کاغذات پر دستخط کرنے والا ایک جج چھٹی پر تھا۔

اگست میں باؤر اور فیٹل کو تہران کی ایک عدالت نے یہ کہتے ہوئے جاسوسی کے الزام میں آٹھ سال قید کی سزائیں سنائی تھیں کہ وہ غیر قانونی طورپر عراق کے راستے سرحد عبور کرکے ایران میں داخل ہوئے تھے۔

امریکی سیاحوں کو 2009ء میں گرفتار کیا گیاتھا۔ اس وقت ان کی ساتھی سارہ شوڈر بھی ہمراہ تھیں ۔ سارہ کو گذشتہ سال پانچ لاکھ ڈالر کی ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا اوراب وہ امریکہ میں ہیں۔

تینوں امریکی سیاحوں کا کہناہے کہ وہ بے گناہ ہیں اوروہ شمالی عراق کے ایک پہاڑی علاقے میں سیاحت کررہے تھے کہ غلطی سے ایک ایسی سرحد عبور کر کے ایران میں داخل ہوگئے ، جس پر کوئی علامتی نشانات نہیں تھے۔

XS
SM
MD
LG