رسائی کے لنکس

اے آئی پیرس سربراہی اجلاس: معیارات کی تشکیل پر مغرب اور چین کے نقطہ نظر میں کیا فرق ہے؟


فرانس کے صدر پیرس میں ہونے والی دو روزہ اے آئی کانفرنس کے بارے میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے۔ 10 فروری 2025
فرانس کے صدر پیرس میں ہونے والی دو روزہ اے آئی کانفرنس کے بارے میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے۔ 10 فروری 2025
  • پیرس میں آرٹیفیشل انٹیلی جینس پر دو روزہ بین الاقوامی سربراہ کانفرنس ہو رہی ہے جس میں عالمی رہنما ، ٹیک کمپنیوں کے سربراہ اور ماہرین شریک ہیں۔
  • امریکہ کی نمائندگی نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں اور نائب صدر کے طور پر یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
  • اے آئی سربراہ کانفرنس تین جہتوں کا احاطہ کرتی ہے جس میں اس شعبے کے ضوابط ے کرنا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اوررسائی کو بڑھانا شامل ہیں۔
  • کئی ممالک اے آئی تک رسائی پر کنٹرول کے حق میں ہیں۔
  • فرانس آئندہ برسوں میں اے آئی پر 113 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔
  • آرٹیفیشل انٹیلی جینس سسٹمز کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت جیسے مسائل کے حل سے متعلق بہت سے پیچیدہ سوالات موجود ہیں۔ نوبیل انعام یافتہ ڈیمس ہسابیس

مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پر اس بین الاقوامی اجلاس میں 100 سے زیادہ ملکوں کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔

سربراہی اجلاس میں عالمی رہنما، جدید ٹیکنالوجی کے ایگزیکٹو اور پالیسی ساز، مصنوعی ذہانت کے عالمی سلامتی، معاشیات اور حکمرانی پر اثرات کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ کانفرنس میں چین کے نائب وزیراعظم جانگ گواچنگ بھی شرکت کر رہے ہیں جو آرٹیفیشل انٹیلی جینس کے لیے معیارات کی تشکیل میں بیجنگ کی گہری دلچسپی کی جانب اشارہ ہے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنے پہلے غیرملکی دورے کا آغاز فرانس سے کیا ہے اور وہ پیرس میں آرٹیفیشل انٹیلیجینس پر ہونے والی بین الاقوامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔

توقع کی جا رہی ہے کہ 40 سالہ نائب صدر اس عالمی کانفرنس میں مصنوعی ذہانت پر زیادہ کھلے اور جدت پر مبنی نقطہ نظر کی حمایت کریں گے۔

امریکی نائب صدر وینس پیرس پہنچنے پر اہلیہ اور بچوں کے ساتھ۔ فوٹو اے پی
امریکی نائب صدر وینس پیرس پہنچنے پر اہلیہ اور بچوں کے ساتھ۔ فوٹو اے پی

آرٹیفیشل انٹیلیجینس کی برتری پر ہونے والا یہ سربراہی اجلاس تین پہلوؤں کو اجاگر کرتا ہے جن میں یورپ کی جانب سے اس شعبے میں قواعد اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرنا، چین کی طرف سے حکومتی حمایت کی حامل اے آئی کی بڑی ٹیک کمپنیوں کی رسائی بڑھانے پر زور دینا، اور امریکہ کی جانب سے دوسروں کو فیصلے کرنے کی اجازت دینے کے نظریے کو فروغ دینا۔

وینس اپنے اس پہلے غیرملکی دورے میں جرمنی بھی جائیں گے جہاں وہ میونخ میں سیکیورٹی سے متعلق کانفرنس میں شرکت کریں گے اور اپنے یورپی اتحادیوں پر زور دیں گے کہ وہ نیٹو اور یوکرین کے حوالے سے اپنے وعدوں کو پورا کریں۔

نائب صدر وینس نے یہ اشارہ دیا ہے کہ وہ پیرس سربراہی اجلاس کو عالمی رہنماؤں کے ساتھ آرٹیفیشل انٹیلیجینس اور جغرافیائی سیاست کے بارے میں واضح بات چیت کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کریں گے۔

فرانس کے صدر پیرس میں ہونے والی دو روزہ اے آئی کانفرنس کے پہلے روز خطاب کر رہے ہیں۔ 10 فروری 2025
فرانس کے صدر پیرس میں ہونے والی دو روزہ اے آئی کانفرنس کے پہلے روز خطاب کر رہے ہیں۔ 10 فروری 2025

ایک آزاد سافٹ ویئر کمپنی موزیلا(Mozilla) میں پبلک پالیسی کی نائب صدر لنڈا گریفن کا مصنوعی ذہانت پر عالمی سربراہی کانفرنس کے بارے میں کہنا ہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ ہم گوگل، مائیکروسافٹ اور اوپن اے آئی جیسی اے آئی کی کمپنیوں کو ایک جگہ اکھٹے ہوکر وسیع بحث کرتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔

یوریشیا گروپ کے ٹیکنالوجی کے ایک سینئر تجزیہ کار نک رپینرز کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا موقع ہےکہ اے آئی کی طاقت کا کنٹرول مٹھی بھر لوگوں کے ہاتھ میں مرتکز ہونے کی بجائے عوامی مفاد میں اس جدید ٹیکنالوجی کی تشکیل پر توجہ دینے کی بات ہو رہی ہے۔

گوگل کی ڈیپ مائنڈ ریسرچ لیب کے بانی نوبل انعام یافتہ ڈیمس ہسابیس نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جینس سسٹمز کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت جیسے مسائل کے حل سے متعلق بہت سے پیچیدہ سوالات موجود ہیں۔

پیرس میں ہونے والی دو روزہ اے آئی سربراہ کانفرنس کا ایک منظر۔ 10 فروری 2025
پیرس میں ہونے والی دو روزہ اے آئی سربراہ کانفرنس کا ایک منظر۔ 10 فروری 2025

فرانس آنے والے برسوں میں آرٹیفیشل انٹیلی جینس کے شعبے میں 113 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

امریکہ کے نائب صدر نے بریٹ بارٹ نیوز(Breitbart News) سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں بہت سے عالمی رہنماؤں کے پاس اے آئی سربراہی اجلاس میں کہنے کے لیے بہت کچھ موجود ہے۔اور وہ یوکرین اور روس کے تنازع کو اختتام پر پہنچانے کے لیے ہماری سفارتی مدد کر سکتے ہیں اور ہم فرانس میں ان امور پر توجہ مرکوز کریں گے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے نام پوشیدہ رکھنے کی شرط پر پروگراموں سے واقف ایک شخص کے حوالے سے بتایا کہ وینس کی منگل کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور یوریی کمیشن کی صدر ارسلا ونڈلین سے الگ الگ ملاقات متوقع ہے۔

منگل کو ہی وینس فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ ورکنگ لنچ کریں گے جس کے ایجنڈے میں یوکرین اور مشرق وسطیٰ شامل ہیں۔

(اس رپورٹ کے لیے معلومات اے پی سے لی گئیں ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG