|
ویب ڈیسک—بھارت کی ریاست کرناٹکا کے شہر بنگلورو میں اتوار کو معروف برطانوی گلوکار ایڈ شیرن کو پولیس نے اسٹریٹ پر پرفارم کرنے سے روک دیا۔
بھارتی نیوز ایجنسی 'اے این آئی نیوز' کے مطابق گلوکار نے اتوار کو بنگلورو کی چرچ اسٹریٹ پر جیسے ہی پرفارم کرنا شروع کیا تو پولیس نے اسے روک دیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ایونٹ بغیر اجازت منعقد کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار اپنا گانا 'شیپ آف یو' گنگنا رہے تھے کہ اچانک پولیس انہیں روکتے ہوئے کیبلز بھی نکالنا شروع کر دیے۔
اس واقعے کے بعد گلوکار نے اپنے انسٹاگرام کے ذریعے جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ ان کے پاس پرفارم کرنے کی اجازت تھی۔
گلوکار نے کہا کہ "ہمارے پاس پرفارم کرنے کی اجازت تھی، ہم جہاں پرفارم کر رہے تھے اس کی پہلے ہی منصوبہ بندی کر رکھی تھی، یہ اچانک نہیں ہوا۔"
'اے این آئی' کے مطابق ڈی سی پی سینٹرل بنگلورو نے وضاحت کی کہ "ایڈ شیرن کے ٹیم ممبر چیتن چرچ اسٹریٹ پر پرفارم کرنے کی اجازت لینے کے لیے آئے تھے۔"
ان کے بقول انہوں نے گلوکار کو یہاں پرفارم کرنے سے صاف منع کیا تھا کیوں کہ چرچ اسٹریٹ زیادہ ٹریفک والا علاقہ ہے۔ چوں کہ گلوکار کو کوئی باضابطہ طور پر منظوری نہیں دی گئی تھی، اس وجہ سے انہیں جگہ خالی کرنے کو کہا گیا۔
یاد رہے کہ ایڈ شیرن ان دنوں بھارت کے ٹور پر ہیں۔ وہ گزشتہ دنوں پونے، حیدر آباد اور چنئی میں پرفارم کر چکے ہیں۔
فورم