رسائی کے لنکس

 امریکہ کے کئی حصے شدید گرمی کی لپیٹ میں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں بیشتر جنوبی حصے یومِ آزادی کی تعطیل سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ کئی ریاستوں میں درجہ حرارت لگ بھگ 38 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زیادہ تک پہنچنے کی پیش گوئی ہے۔

ریاست ایریزونا کے سب سے بڑے میٹرو ایریا میں شدید گرمی کی وارننگ جاری کی گئی ہے جہاں فینکس شہر اور آس پاس کے علاقوں میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

جنوب مغربی ریاست نواڈا کے شہر لاس ویگاس میں جمعے کو سخت گرمی رہی اور محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا کہ شہر میں پورے ہفتے بلند درجہ حرارت برقرار رہے گا جوزیادہ تر 41 سے 49 سینٹی گریڈ کے درمیان ہوگا۔

کلارک کاؤنٹی کے حکام نے ہفتے کو رہائشیوں کے لیے کولنگ سینٹرز کھولے۔ ریاست نیو میکسیکو کے جنوبی علاقوں کے بعض شہروں میں بھی سخت گرمی رہی۔

اگرچہ طوفان اور بادل موسم بہتر کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔تاہم محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے سبب آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کا خطرہ ہے البتہ زیادہ بارش نہیں ہو گی جب کہ اس سے آگ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

ریاست میری لینڈ کے پارک لینڈ شہر میں موسم کی پیش گوئی کے مرکز کے ماہرِ موسمیات جوش ویس نے کہا کہ ہائی پریشر امریکہ کے پورے مغرب اور جنوب مغرب میں پھیل رہا ہے جو انتہائی گرم درجہ حرارت کا سبب بن رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کیلی فورنیا کے کچھ حصوں اور صحرا کے جنوب مغرب میں درجہ حرارت شدید ہو سکتا ہے۔

اس رپورٹ کے لیے معلومات خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG