رسائی کے لنکس

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ کے مثبت اور منفی ریکارڈز


سری لنکا کے خلاف ہفتے کو لاہور میں کھیلا گیا پہلا ٹی 20 میچ ایک مثبت اور ایک منفی ریکارڈ کے حوالے سے تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔

بالنگ میں محمد حسنین نے مثبت اور3 سال بعد ٹیم میں واپس آنے والے بیٹسمین عمر اکمل نے منفی ریکارڈ بنایا۔

پاکستانی بالر محمد حسنین نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں ہیٹ ٹرک کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ وہ صرف 19 سال 183 دن کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر بالر بن گئے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ افغانستان ٹیم کے لیگ اسپینر راشد خان کے پاس تھا جو 20 سال کی عمر میں ٹی 20 کرکٹ فارمیٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

محمد حسنین یہ اعزاز پانے والے پاکستان کے دوسرے اور دنیا کے نویں بولر ہیں۔ ان سے قبل 2017 میں فہیم اشرف نے سری لنکا ہی کے خلاف دبئی میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔

محمد حسنین سے پہلے یہ اعزاز عاقب جاوید کے پاس تھا جنہوں نے 19 سال 81 دن کی عمر میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔

مجموعی طور پر 9 عالمی کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے بریٹ لی، نیوزی لینڈ کے ٹیم ساؤتھی اور جیکب اورم، سری لنکا کے تھسارا پریرا اور لاستھ ملنگا، پاکستان کے فہیم اشرف اور افغانستان کے راشد خان شامل ہیں۔

لاستھ ملنگا دو مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ ان کے علاوہ اب تک کوئی اور بالر دو مرتبہ ٹی 20 کرکٹ فارمیٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل نہیں کرسکا ہے۔

محمد حسنین عالمی کرکٹ کے تمام فارمیٹ میں کم عمری میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے کم عمر ترین بولر ہیں، انہوں نے 19 سال 183 دن کی عمر میں یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے ۔

عمر اکمل کا منفی ریکارڈ

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں جہاں محمد حسنین مثبت ریکارڈ بنانے میں کامیاب رہے وہیں پاکستانی بیٹسمین عمر اکمل شابق کپتان شاید آفریدی کا منفی ریکارڈ اپنے نام کر بیٹھے۔

وہ سری لنکن فاسٹ بولر نوان پردیپ کی پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے اور یوں وہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں کسی بھی پاکستانی بلے باز کا سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا منفی ریکارڈ اپنے نام کر بیٹھے۔

عمر اکمل اب تک 83 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 9 بار صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔ اس سے قبل سابق کپتان شاہد آفریدی 99 میچز میں 8 مرتبہ صفر پر آوٹ ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG