امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ ہیٹی کے زلزلے سے متاثر ہونے والوں کی امداد کے لیے امریکہ نے تیزی سے مربوط کوششیں شروع کر دی ہیں۔
صدر نے کہا کہ ملبے کے تلے دبے افراد کو نکالنے اور انسانی ہم دردی کی بنیاد پر امدادی کارروائیوں کے سلسلے میں ہیٹی کے عوام کو امریکہ کا پورا تعاون حاصل ہو گا، آنے والے دنوں میں ان کو خوراک، پانی، ادویات غرض ان کی ضرورت کی ہر چیز پہنچائی جائے گی۔
صدر نے کہا کہ امدادی ٹیمیں ہیٹی روانہ کر دی گئی ہیں اور مزید امداد بھیجی جا رہی ہے۔
صدر اوبانا نے کہا کہ تباہی کی نوعیت ایسی ہے کہ پہلے چند گھنٹے اور دن انتہائی اہم ہیں کیوں کہ اس دوران ہم لوگوں کی زندگیاں بچا سکتے ہیں۔ میں نے اپنی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ تیزی سے کام کریں اور بین الاقوامی برادری کے اشتراک اور تعاون سے وہاں پر ہر ضروری امداد فراہم کریں۔
وائٹ ہاؤس سے ایک مختصر بیان دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ ایک پیچیدہ اور مشکل کارروائی ہے اور اس سلسلے میں وقت ضائع نہیں کیا جا سکتا۔
صدر اوباما نے کہا کہ امریکی عوام امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔
منگل کی رات کو ہیٹی میں آنے والے زلزلے سے ہیٹی کا دارالحکومت پورٹ او پرنس ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے۔ ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ اس زلزلے سے 30 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور ہزاروں ہلاک ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1