رسائی کے لنکس

'گوگل' کا 12 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا فیصلہ


فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

گوگل کی پیرنٹ کمپنی 'الفا بیٹ'نے 12 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کمپنی کی مجموعی افرادی قوت کا چھ فی صد بنتی ہیں۔ اس فیصلے کو دنیا بھر میں ٹیکنالوجی سیکٹر کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعے کو کمپنی کے سی ای او سندر پچائی نے اپنے عملے کے ساتھ ایک میمو شیئر کیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں کمپنی نے تیزی سے ملازمین کی تعداد بڑھائی تھی۔

اُن کا کہنا تھا کہ جس دور میں یہ بھرتیاں ہوئیں آج کے معاشی حالات اس کے مقابلے میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ وہ اس صورتِ حال تک پہنچنے کے لیے کیے گئے تمام فیصلوں کی ذمے داری قبول کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گوگل کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سوفٹ 10 ہزار ملازمین کو برطرف کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔

رائٹرز کے مطابق الفا بیٹ سے اس بڑے پیمانے پر ملازمتیں ختم ہونے سے کمپنی کے انجینئرنگ، کارپوریٹ فنکشن اور پروڈکٹ ٹیمز متاثر ہوں گی۔

کمپنی کے فیصلے کا اطلاق دنیا بھر میں اس کے عملے پر ہوگا اور امریکہ میں اس پر فوری عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

میمو کے مطابق کمپنی نے متاثر ہونے والے ملازمین کو ای میل کے ذریعے ملازمتوں کے خاتمے کے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ البتہ مختلف ممالک میں ملازمت سے متعلق مختلف قوانین کی وجہ سے فیصلے کے اطلاق میں وقت لگے گا۔

یہ خبر دنیا بھر میں معاشی عدم استحکام کے دور میں آئی ہے جب کہ مائیکرو سوفٹ اور گوگل جیسی انڈسٹری کی بڑی کمپنیاں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی ٹیکنالوجی میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری بڑھا رہی ہیں۔

کمپنی کے عملے کے نام اپنے پیغام میں سندر پچائی کا کہنا تھا کہ اپنے مشن کی قوت، قابلِ قدر پروڈکٹس اور خدمات اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبے میں بروقت سرمایہ کاری کی وجہ سے ہم اپنے سامنے بڑے مواقع کے کے لیے پُر اعتماد ہیں۔

اس خبر کے لیے معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG