گھانا کے باشندے اب موبائل فون کے ذریعے اپنے لیے لائف انشورنس حاصل کرسکتے ہیں۔ انہیں اس نئی سہولت کی فراہمی جنوبی افریقہ کی ایک کمپنی نےشروع کی ہے۔
وائرلیس فون کمپنی ایم ٹی این کا کہناہے کہ بدھ کے روز شروع کی جانے والی یہ نئی سروس دنیا بھر میں اپنے انداز کی پہلی سروس ہے۔
ایم ٹی این اور اس پراجیکٹ میں شامل ہولرڈ انشورنس کمپنی کا کہناہے کہ اس سروس کا مقصد کم آمدنی والے ان شہریوں تک رسائی حاصل کرنا ہے جن کے بینک اکاؤنٹ نہیں ہیں۔اس نئی سروس کے ذریعے وہ اپنے موبائل فون یا ایم ٹی این کے کسی بھی مرکز پر جاکر کم قیمت کی انشورنس پالیسی خرید سکتے ہیں۔
انشورنس کا پریمیم بھی ایم ٹی این کی موبائل منی سروس کے ذریعے ادا کیا جاسکتاہے، جس کے ذریعے وہ موبائل فون کے صارف رقم بھیج اور وصول کرسکتے ہیں۔
ایم ٹی این افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے 21 ممالک میں اپنی خدمات فراہم کررہی ہے اور آئندہ مہینوں میں وہ کئی دوسرے افریقی ملکوں تک اپنا دائرہ بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔