رسائی کے لنکس

جرمنی: القاعدہ کے رکن کو قید کی سزا


جرمنی: القاعدہ کے رکن کو قید کی سزا
جرمنی: القاعدہ کے رکن کو قید کی سزا

جرمنی کی ایک عدالت نے ایک شامی نژاد جرمن باشندے کو "القاعدہ " سے تعلق کا اعتراف کرنے پر چار سال نو ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

رمی ماکانیسی کو مذکورہ سزا پیر کے روز فرینکفرٹ کی ایک عدالت کی جانب سے سنائی گئی۔ ماکانیسی نے عدالت کے روبرو اعتراف کیا تھا کہ وہ "القاعدہ" کا رکن ہے اور اس نے تنظیم کے پاکستان میں واقع ایک کیمپ سے عسکری تربیت حاصل کی تھی۔

عدالت کی جانب سے ملزم کے اعتراف ِ جرم کے باعث اسے تخفیف کردہ سزا سنائی گئی ہے۔

ماکانیسی کے بقول افغانستان کی سرحد پہ واقع پاکستانی قبائلی علاقے وزیرستان میں قائم القاعدہ کے ایک کیمپ میں عسکری تربیت حاصل کرنے کیلیے اس نے 2009ء میں جرمنی سے پاکستان کا سفر کیا تھا۔

استغاثہ کےمطابق 25 سالہ ماکانیسی تربیت کے بعد دوبارہ جرمنی آنے اور یہاں رہ کر "القاعدہ" کیلیے فنڈز اکٹھے کرنے اور دہشت گردی کی مبینہ کاروائیوں میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتا تھا۔ تاہم پاکستانی حکام نے ملزم کو جون 2010ء میں گرفتار کرلیا تھا جس کے دو ماہ بعد اسے جرمنی کے حوالے کردیا گیا۔

مقدمے کی کاروائی کےدوران ماکانیسی نے جرمن تفتیشی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا اور انہیں "القاعدہ" کی جانب سے ممکنہ دہشت گرد حملوں کی تفصیلات بھی فراہم کیں جس کے نتیجے میں جرمن حکام نے سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کردیے تھے۔

حکام سے تعاون کے نتیجے میں استغاثہ اور ملزم کے دفاعی وکلاء کے درمیان ہونے والے معاہدے کی رو سے عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ ماکانیسی کو زیادہ سے زیادہ پانچ برس قید کی سزا سنائی جائے۔

XS
SM
MD
LG