تئیس کروڑ اور 90 لاکھ ڈالر آمدن کے ساتھ ہالی وڈ اداکار جارج کلونی 2018ء کے امیر ترین اداکار قرار پائے ہیں۔
’فوربز مگزین‘ کے مطابق، ایک برطانوی کمپنی ’کاسامیگوز ٹیکیلا‘ کے لئے ایک ارب ڈالر تک دینے کو تیار ہے جسے 2013ء میں جارج کلونی نے دو مزید سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر بنایا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سال جارج کلونی کی کوئی نئی فلم نہیں آئی۔ مگر ان کی آمدن میں پرانی فلموں سے ہونے والی کمائی اور اشتہارات کی مد میں وصول پانے والی آمدن بھی شامل ہے۔
اس رینکنگ میں اداکاری کے علاوہ دیگر ذرائع سے کمائی جانے والی آمدن بھی شامل کی جاتی ہے۔
اس رینکنگ میں ڈوئین جانسن، جو ’دی راک‘ کے نام سے مشہور ہیں، دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے اس برس 12 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم کمائی۔ ’فوربز‘ کے مطابق، ڈوئین جانسن کی سوشل میڈیا پر بہت بڑی فالوئنگ کی وجہ سے انہیں اپنی آمدنی دوگنی کرنے میں مدد ملی۔ اس کی وجہ سے انہوں نے اپنے لئے پروموشن کے لئے بڑے بڑے معاہدے کئے ہیں۔
اس رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آٹھ کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی آمدنی کے ساتھ رابرٹ ڈاؤنی جونئیر ہیں۔ چوتھے نمبر پر کرس ہیمزورتھ ہیں جنہوں نے چھ کروڑ اور 40 لاکھ ڈالر کمائے، جب کہ چار کروڑ اور 50 لاکھ ڈالر کی کمائی کے ساتھ جیکی چین پانچویں نمبر پر ہیں۔