رسائی کے لنکس

امریکی طیارے سے لوگوں کے گرنے کی اطلاعات کی چھان بین کا آغاز کر دیا گیا


جب امریکی طیارے نے اڑان بھرنے کے لیے رن وے پر چلنا شروع کیا تو سینکڑوں افراد اس کے ساتھ ساتھ بھاگنے لگے اور کئی اس کے ساتھ لٹک گئے۔ 16 اگست 2021
جب امریکی طیارے نے اڑان بھرنے کے لیے رن وے پر چلنا شروع کیا تو سینکڑوں افراد اس کے ساتھ ساتھ بھاگنے لگے اور کئی اس کے ساتھ لٹک گئے۔ 16 اگست 2021

امریکی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل فرینک میکنزی نے کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے امریکیوں کے انخلاء کی کاروائیوں کے بارے میں ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے وہاں کی صورتِ حال معلوم کرنے کے لئے ان فوجی لیڈروں سے بات کی ہے جو ایئرپورٹ کو سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کابل سے نکلنے والے سویلینز کی محفوظ منتقلی اور انخلا کے کام میں مصروف پروازوں کے لئے ائیر پورٹ کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ فی الوقت ایئرپورٹ کا ایئر فیلڈ محفوظ ہے اور اسے سویلین پروازوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ جبکہ امریکی فوجی اور محکمہ خارجہ کے اہل کارمل جل کر ایئر پورٹ کی حفاظت کو یقینی اور انخلاء کی کارروائی کو محفوظ بنا رہے ہیں۔

جنرل میکینزی نے مزید کہا کہ اتوار کے روز دوحہ میں طالبان کے سینئیر لیڈروں سے میٹنگز میں انہیں خبردار کیا گیا تھا کہ وہ امریکی فوجیوں اور شہریوں کے انخلاء کے کام میں مداخلت نہ کریں۔ اور اگر اس دوران کوئی حملہ کیا گیا تو اس کا جواب طاقت سے دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی شہریوں اور اپنے رفقاء کی حفاظت امریکہ کی اولین ترجیح ہے اور امریکی سفارت خانہ ان کے انخلاء اور خطرے میں گھرے افغان شہریوں کو خصوصی ویزے جاری کر نے کا کام کر رہا ہے ۔

اسی دوران وائس آف امریکہ کی نامہ نگار کارلا بیب نے اطلاع دی ہے کہ امریکہ میں ایئر فورس کے محکمے کا خصوصی چھان بین کا دفتر او ایس آئی یا آفس آف سپیشل انویسٹی گیشن، اس واقعے کی تمام اطلاعات کا جائزہ لے رہا ہے، جن میں 15 اگست کو کابل کے ائیرپورٹ سے C-17 طیارے کی روانگی اور عام شہریوں کی ہلاکت کی تفصیل بیان کی گئی ہے اور جس کی ویڈیو اور سوشل میڈیا پر پوسٹس بھی موجود ہیں۔

اس کے علاوہ آن لائن ویڈیوز اور خبروں میں جہاز کی روانگی کے وقت لوگوں کو گرتے ہوئے دیکھا جا سکتاہے۔ اطلاعات کے مطابق امریکی طیارہ C-17 قطر کے العدید ایئرپورٹ پر اترا تو اس کے پہیوں میں انسانی باقیات بھی پائی گئیں۔

او ایس آئی کے مطابق یہ معاملہ امریکی فوجی طیارے سے لوگوں کی ہلاکت کا ہے اور محکمہ اس المناک حادثے کے حقائق تک پہنچنے کے لئے امریکی ایئرفورس کی ایئر موبیلیٹی کمانڈ اور اپنے بین الاقوامی رفقاء کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ محکمے نے ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

گزشتہ اتوار کے روز امریکی ایئر فورس کا C-17 گولڈ ماسٹر طیارہ ساز و سامان لے کر حامد کرزئی انٹرنیشنل پر اترا تو ابھی وہ سامان اتار بھی نہ پایا تھا کہ ایئرپورٹ سیکیورٹی کی خلاف ورزی کرکے ایئرپورٹ کے اس علاقے میں موجود سینکڑوں افغان شہریوں نے طیارے کو گھیر لیا۔

چنانچہ طیارے کے گرد سیکیورٹی کی غیر یقینی صورتِ حال کی وجہ سے عملے نے طیارے کو واپس لے جانے کا فیصلہ کیا اور بعد میں فضا میں طیارے سے کچھ گرتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بارے میں کہا گیا کہ وہ ایسے افراد ہو سکتے ہیں، جو طیارے کے بیرونی حصوں میں چھپ کر سفر کرنا چاہتے تھے۔

XS
SM
MD
LG