رسائی کے لنکس

غزہ پر حماس کی حکومت کا خاتمہ ضروری ہے، اسرائیلی وزیرِخارجہ


غزہ پر حماس کی حکومت کا خاتمہ ضروری ہے، اسرائیلی وزیرِخارجہ
غزہ پر حماس کی حکومت کا خاتمہ ضروری ہے، اسرائیلی وزیرِخارجہ

اسرائیلی وزیرِ خارجہ ایوڈگور لائبرمین نے اپنی حکومت کو فلسطینی مسلح گروپ حماس کی غزہ کے علاقے پہ قائم حکومت کو ختم کرنے کیلیے طاقت کے استعمال کا مشورہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی افواج اور غزہ کی پٹی میں بسنے والے مسلح فلسطینی گوریلوں کے درمیان گزشتہ کئی روز سے لڑائی جاری ہے ۔

فلسطینی شدت پسندوں کی جانب سے اسرائیلی علاقوں پر راکٹ حملوں میں نرمی آنے کے بعد اتوارکے روز اسرائیل نے غزہ پر کیے جانے والے فضائی حملے روکنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد آج علاقے کی صورتِ حال نسبتاً پرامن رہی۔

تاہم صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسرائیلی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ امن کے قیام کیلیے حماس کے ساتھ ایک اور جنگ بندی پر متفق ہونا اسرائیل کی 'سنگین غلطی' ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی عارضی فائر بندی سے فلسطینی شدت پسندوں کو خود کو تازہ دم اور مسلح کرنے اور نئی جھڑپوں کی منصوبہ بندی کرنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔

لائبر مین کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا اصل مقصد غزہ کی پٹی پر 2007ء سے برسرِ اقتدار 'حماس ' کی حکومت کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ کے فلسطینی علاقے پر تازہ فضائی حملوں کا سلسلہ جمعرات کی صبح فلسطینی شدت پسندوں کی جانب سے کیے گئے ایک راکٹ حملے کے فوراً بعد شروع کیا گیا تھا۔ جنوبی اسرائیل پہ کیے گئے اس راکٹ حملے میں ایک اسکول بس کو نقصان پہنچا تھا جبکہ دو اسرائیلی شہری زخمی ہوگئے تھے۔

واقعہ کے بعد اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے علاقے میں حماس کی کئی تنصیبات اور مصری سرحد کے ساتھ واقع اسمگلنگ کیلیے استعمال کی جانے والی سرنگوں کو نشانہ بنایا تھا۔ چار روز تک جاری رہنے والے فضائی حملوں میں کم از کم 19 فلسطینی ہلاک ہوگئے تھے۔ جھڑپوں کے دوران فلسطینی شدت پسندوں کی جانب سے جنوبی اسرائیلی علاقوں پر لگ بھگ 120راکٹ اور مارٹر بھی فائر کیے گئے تاہم ان سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دسمبر 2008ء میں ہونے والی اسرائیل-حماس جنگ کے بعد سے یہ اب تک کی سب سے شدید جھڑپیں ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز اسرائیلی وزیرِ دفاع ایہود بارک نے کہا تھا کہ اگر حماس اسرائیلی علاقوں پر راکٹ باری روک دے تو ان کا ملک غزہ پر اپنے فضائی حملے بھی روک دے گا۔ حماس نے بھی قیامِ امن کیلیے اسرائیل سے پہل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG