رسائی کے لنکس

غیر وابستہ ممالک کی تنظیم کے اجلاس میں مسئلہ فلسطین سرِفہرست


غیر وابستہ ممالک کی تنظیم کے اجلاس میں مسئلہ فلسطین سرِفہرست
غیر وابستہ ممالک کی تنظیم کے اجلاس میں مسئلہ فلسطین سرِفہرست

غیر جانبدار ممالک کی تنظیم کے وزرائے خارجہ کے انڈونیشیا میں ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں آزاد فلسطینی ریاست کے معاملے کوبھی شامل کرلیا گیا ہے۔

انڈونیشیا کی میزبانی میں بدھ سے شروع ہونے والا 'نام (نان الائینڈ موومنٹ)' کا اجلاس تنظیم کے قیام کی پچاسویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقد ہورہا ہے۔

اجلاس کے دوران تنظیم کے 118 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ آئندہ پچاس برسوں کےلیے تنظیم کے اہداف کے تعین کے علاوہ آئندہ سال ایران میں ہونے والے سربراہی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔

اجلاس کے ایجنڈے میں فلسطینی ریاست کے قیام سے متعلق نکتہ شامل کرنے کے بارے میں مقامی اخبار 'جکارتہ پوسٹ' کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے انڈونیشیا کے وزیرِ خارجہ مارتی نتالیگوا نے تسلیم کیا کہ اتنے بڑے گروپ میں کئی مسائل پر اتفاقِ رائے کا حصول مشکل ہوسکتا ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے رواں سال ہونے والے اجلاس میں فلسطینی ریاست کے قیام کی تجویز پیش کرنے کے منصوبے کو تنظیم کے بیشتر ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

انڈونیشی وزیرِخارجہ کے مطابق تنظیم کے 118 میں سے صرف 29 ممالک نے فلسطینی حکام کی جانب سے ریاست کی آزاد حیثیت تسلیم کرانے کی کوششوں کی حمایت نہیں کی ہے۔

انہوں نے اخبار کو بتایا کہ وہ تنظیم کے تمام رکن ممالک کی طرف سے فلسطینی منصوبے کی حمایت کے حصول کو یقینی بنانے کے خواہاں ہیں۔

اس سال غیر وابستہ ممالک کی سربراہی مصر سے انڈونیشیا کو منتقل ہوئی ہے جہاں رواں برس کے آغاز میں چلنے والی ایک کامیاب سیاسی تحریک کے نتیجے میں تین عشروں سے برسرِ اقتدار حسنی مبارک کے اقتدار کا خاتمہ ہوگیا تھا۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’سنہوا‘ نے خبر دی ہے کہ تنظیم کے اجلاس کے دوران مصری وزیرِ خارجہ نبیل العربی اپنے ایرانی ہم منصب علی اکبر صالحی سے ملاقات کرینگے جس میں دونوں ممالک کے درمیان موجود سفارتی تناؤ کے خاتمے کے موضوع پر گفتگو کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG