رسائی کے لنکس

برطانیہ کے سوا یورپ کے بیشتر ملکوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی کا آغاز


فرانس میں لگ بھگ آٹھ ہفتوں کے بعد شہریوں کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت ہو گی۔ (فائل فوٹو)
فرانس میں لگ بھگ آٹھ ہفتوں کے بعد شہریوں کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت ہو گی۔ (فائل فوٹو)

فرانس اور اسپین سمیت بیشتر یورپی ملکوں میں پیر سے لاک ڈاؤن میں نرمی کی جا رہی ہے جب کہ برطانیہ نے کرونا وائرس کا مزید پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق فرانس، بیلجیم، یونان اور اسپین میں پیر سے لاک ڈاؤن میں نرمی پر عمل درآمد شروع ہو گا۔

فرانس میں لگ بھگ آٹھ ہفتوں کے بعد پیر کی صبح سے شہریوں کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت ہو گی۔ پرائمری اسکول ٹیچرز ایک مرتبہ پھر اسکولوں میں آ گئے ہیں جب کہ ہیئر ڈریسرز سمیت بعض دکانوں کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کے باوجود فرانس میں ریستوران، تھیٹرز، سنیما اور بارز بدستور بند رہیں گے۔

فرانس میں اتوار کو اپریل کے بعد سے سب سے کم یومیہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
فرانس میں اتوار کو اپریل کے بعد سے سب سے کم یومیہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

اتوار کو فرانس میں اپریل کے بعد سے سب سے کم یومیہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ اتوار کو کرونا وائرس کے شکار 70 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ کرونا وائرس سے فرانس میں اب تک 26 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں جب کہ ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 77 ہزار سے زیادہ ہے۔

برطانیہ

برطانیہ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا یورپی ملک ہے جہاں اب تک 31 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور دو لاکھ 19 ہزار سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ہلاکتوں میں مسلسل اضافے کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم بورس جانسن نے یکم جون تک لاک ڈاؤن میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ہے اس لیے فوری طور پر پابندیوں میں نرمی نہیں کی جا سکتی۔

بورس جانسن نے اتوار کو کہا کہ برطانوی عوام کی طرز زندگی کے لیے لاک ڈاؤن کے مصائب برداشت کرنا مشکل ہے تاہم وبا کو کنٹرول کیے بغیر پابندیوں میں نرمی کرنا احمقانہ فیصلہ ہو گا۔

یاد رہے کہ برطانوی وزیرِ اعظم بھی کرونا وائرس کا شکار ہوئے تھے اور وہ تین روز تک انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں بھی رہ چکے ہیں۔

بورس جانسن نے اتوار کو کہا کہ وہ رواں ماہ ایک مشروط منصوبہ پیش کریں گے جس کے تحت مرحلہ وار لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے گی۔ تاہم رواں ہفتے پابندیوں میں نرمی کرنے کا وقت نہیں ہے۔

اسپین

کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اسپین کے مختلف شہروں میں عائد پابندیوں میں مرحلہ وار نرمی کی جا رہی ہے اور شہریوں نے رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے منصوبے بھی بنا لیے ہیں۔

وبا سے متاثرہ شہر میڈرڈ اور بارسلونا میں بدستور لاک ڈاؤن رہے گا جب کہ دیگر شہروں میں بعض دکانوں کو پیر سے کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

اسپین میں 26 ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہو چکی ہیں اور یومیہ ہلاکتوں کی تعداد 200 سے کم ہو گئی ہیں۔

ملک بھر میں دو لاکھ 24 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

جرمنی

جرمنی میں عائد پابندیوں میں نرمی کے حوالے سے بے یقینی پائی جاتی ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہو گیا ہے۔

جرمنی کے کم از کم ایک ضلع میں دوبارہ پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ یہاں چند روز قبل گوشت کے پراسسنگ پلانٹ میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ دیکھا گیا تھا۔

بیلجیم اور یونان بھی پیر سے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے جا رہے ہیں جب کہ ترکی نے پہلے ہی لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی ہے جہاں اتوار سے 65 برس سے زائد افراد کو بھی گھروں سے نکلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG