فرانس میں مزدور یونینز صدر نکولا سارکوزی کی طرف سے پینشن اصلاحات کے خلاف ہفتے کو اپنی ملک گیر ہڑتال میں اضافے کی تیاری کررہی ہیں۔
رواں ہفتے چار روزہ شدید احتجاج دیکھنے آیا اور ہفتہ کو کی جانے والی ہڑتالوں کے پیش نظراندرون اور بیرون ملک ریل اور فضائی آمدو رفت میں خلل متوقع ہے۔
لیکن صدر سارکوزی کی حکومت نے اپنی مالی ذمہ داریوں کا بوجھ کو کم کرنے کے لیے کی جانے والی ان اصلاحات کو تبدیل کرنے سے انکار کردیا ہے۔
ایک روز قبل ایک آئل ریفائنری کے ملازمین نے پیرس اور اس کے ہوائی اڈے کو تیل فراہم کرنے والی لائن کاٹ دی تھی جس کے بعد پولیس نے ریفائنری کے باہر رکاوٹوں کو ہٹا کر اسے دوبارہ کھولنے کی کوشش کی۔
وسطی شہر لیون میں ایک مظاہرے کے دوران پولیس پر پتھراؤ کرنے والے 16طلبا کو گرفتار کرلیا گیا۔
فرانسیسی سینٹ میں ریٹائرمنٹ کی عمر60سے 62سال کرنے کے مسودے پر بدھ کو رائے شماری ہورہی ہے۔ فرانس میں ریٹائرمنٹ کی عمر یورپی ملکوں میں سب سے کم ہے۔