فرانس کے شمال میں تارکین وطن کے ایک کیمپ میں آتشزدگی سے عارضی پناہ گاہ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
عہدیداروں کے مطابق اس کیمپ میں 1,500 تارکین وطن مقیم ہیں اور یہاں آباد افغان و کرد تارکین وطن میں جھگڑے کے بعد آگ بھڑک اُٹھی۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق کیمپ میں جھگڑے میں لگ بھگ 150 تارکین وطن ملوث تھے اور کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں سے تین کو چاقو کے وار سے زخم آئے۔
تاہم آتشزدگی سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کی حقیقی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کی ضرورت ہے۔
کیمپ میں موجود بعض افراد کا کہنا ہے کہ کرد اور افغانوں کے درمیان لڑائی کے بعد کیمپ میں آگ بھڑکی۔
گزشتہ ماہ ہی عہدیداروں نے کہا تھا کہ اس کیمپ میں میں گنجائش سے زیادہ تارکین وطن مقیم ہیں اور فرانسیسی حکام کے مطابق ان کی تعداد 700 تک ہونے چاہیئے۔