رسائی کے لنکس

سمندری طوفان فلورنس سے کم ازکم آٹھ افراد ہلاک


سمندری طوفان فلورنس کے نتیجے میں نارتھ اور ساؤتھ کیرولائنا میں شدید طوفانی بارشیں جاری ہیں اور اب تک نو لاکھ گھر اور کاروباری عمارتیں بجلی سے محروم ہو چکی ہیں جبکہ کم سے کم آٹھ افراد کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

سمندری طوفان فلورنس کے جمعے کے روز نارتھ کیرولائنا کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد تیزہواؤں اور شدید بارشوں نے علاقے میں تباہی پھیلا دی ہے۔

ولمنگٹن کی پولیس نے بتایا ہے ایک مکان پر درخت گرنے سے ایک عورت اور اس کا بچہ ہلاک ہو گیا۔ ایک اور واقعہ میں پینڈر کاؤنٹی میں ایک عورت ہارٹ اٹیک سے ہلاک ہو گئی کیونکہ درخت گرنے سے سڑکیں اور راستے بند پڑے ہیں اور اطلاع کے باوجود ایمبولینس مریضہ کے گھر نہیں پہنچ سکی۔ نارتھ کیرولائنا کے گورنر نے کہا ہے کہ ایک شخص کرنٹ لگنے سے اس وقت ہلاک ہوا جب وہ اپنا جنریٹر آن کر رہا تھا۔عہدیداروں کا کہنا ہے کہ لینوئر کاؤنٹی میں بھی دو افراد ہلاک ہوئے ۔ جبکہ ایک اور شخص تیزہواؤں کی زد میں آکر اس وقت ہلاک ہو گیا جب وہ اپنے کتوں دیکھ بھال کر رہا تھا ۔

کریون کاؤنٹی کے حکام نے بتایا ہے کہ سینکڑوں لوگوں کو سیلابی پانیوں سے بچا کر محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انہیں نیو بیرن قصبے سے مدد کے لیے 150 سے زیادہ فون کالز موصول ہوئیں، کیونکہ وہاں لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہو چکا ہے۔

سمندری طوفان فلورنس مسلسل نارتھ اور ساؤتھ کیرولائنا کی ریاستوں کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے جس کے نتیجے میں تیز ہواؤں اور بارشوں سے شاہراہیں ڈوب گئی ہیں اور دریا اپنے کناروں سے ابل پڑے ہیں۔

سمندری طوفانوں سے متعلق امریکہ کے قومی مرکز نے بتایا ہے کہ اب فلورنس آہستہ آہستہ نارتھ کیرولائنا کے اندر جنوب مشرق کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس کی ہواؤں کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے۔

امریکی قومی مرکز کا یہ بھی کہنا ہے کہ توقع ہے کہ طوفان اسی سمت آگے بڑھتا رہے گا اور جمعے کی رات اور ہفتے کے روز ساؤتھ کیرولائنا کے جنوب مشرقی علاقے میں داخل ہو جائے گا۔

اس سے پہلے عہدے داروں نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ جمعے طوفان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد لاکھوں لوگوں کے لیے مسائل اور پریشانیوں میں اضافہ ہو گا۔

سمندری طوفانوں سے متعلق امریکہ کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ اگرچہ فلورنس کا درجہ کم ہو چکا ہے اور اس وقت وہ طوفانوں کے پانچ درجے کے اسکیل پر دوسرے درجے پر ہے، لیکن اس کے باوجود وہ بدستور خطرناک ہے اور اس کے متعلق کوئی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طوفان کے ساتھ چلنے والی ہواؤں کی رفتار 165 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے اور شدید بارش کے ساتھ مل کر وہ بڑی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔

اس سے قبل امریکی مرکز نےبتایا تھا کہ جمعے کے روز طوفان کے نارتھ کیرولائنا کے ساحلی قصبے کیپ فیئر سے ٹکرانے کے بعد وہاں 40 انچ تک بارش ہو سکتی ہے۔

نارتھ کیرولائنا کے گورنر نے کہا ہے کہ ہریکین فلورنس کو کسی نے دعوت نہیں دی لیکن وہ یہاں پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے لوگوں سے کہا کہ اگرچہ طوفان کی شدت کا درجہ کم ہو چکا ہے، لیکن وہ چوکس اور ہوشیار رہیں۔ اپنی حفاظت کا انتظام کریں، یہ ایک طاقت ور طوفان ہے جو ہلاک بھی کر سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG