رسائی کے لنکس

سمندری طوفان ’فلورنس‘ مشرقی امریکی ساحل سے ٹکرانے والا ہے


خلائی اسٹیشن سے سمندری طوفان فلورنس کی اتاری جانے والی تصویر۔ 12 سمتبر 2018، ناسا
خلائی اسٹیشن سے سمندری طوفان فلورنس کی اتاری جانے والی تصویر۔ 12 سمتبر 2018، ناسا

امریکی ریاست نارتھ کیرولینا میں ہنگامی صورت حال سے نمٹنے پر مامور اہلکاروں نے بدھ کے روز لوگوں کو انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ سمندری طوفان فلورنس آنے سے پہلے ضروری تیاری مکمل کرلیں، جب کہ حکام نے شدید بارش، طوفان اور جھکڑ چلنے کے خطرے کی پیش گوئی کی ہے۔

’فلورنس‘ کیٹگری 4 سے کم ہو کر کیٹگری 3 کی سطح پر آ گیا ہے، اس کے لیے کئی روز سے یہ پیش گوئی کی گئی ہے جس دوران 220 کلومیٹر فی گھنٹا رفتار کی ہوائیں چلیں گی، یہ طوفان امریکہ کے مشرقی ساحل کے قریب پہنچ چکا ہے۔

شعبہٴ موسمیات کے ماہرین کو توقع نہیں کہ طوفان کی شدت میں مزید کوئی کمی آئے گی۔ وہ جمعرات یا جمعے کی علی الصبح نارتھ اور ساوتھ کیرولینا کی سرحد کے قریب ساحل سے ٹکرائے گا۔

طوفان کے باعث نارتھ کیرولینا، ساوتھ کیرولینا اور ورجینیا کے کچھ حصے تیز بارشں کی زد میں ہوں۔ پچھلے سال ’ہریکین ہاروی‘ کے دوران یہی کچھ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں ٹیکساس کے علاقے ہوسٹن میں 150 سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی تھی۔

’نیشنل ہریکین سینٹر‘ کی پیش گوئی کے مطابق، ’فلورنس‘ طوفان کے نتیجے میں 40 سے 60 سینٹی میٹر بارش ہوگی، جب کہ کچھ علاقوں میں یہ 90 سینٹی میٹر تک پہنچ سکتی ہے۔

زمین کی گیلی سطح اور تیز طوفان کے نتیجے میں درخت اکھڑ کر گر سکتے ہیں جب کہ بجلی کی تاریں ٹوٹ سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں کئی ہفتوں تک بجلی کی ترسیل متاثر ہوسکتی ہے۔

صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اُن کی انتظامیہ ’’کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نبردآزما ہونے کے لیے‘‘ تیار ہے۔

ٹرمپ نے منگل کے روز کہا کہ ’’درکار رقوم، جو کچھ بھی ہم کر سکتے ہیں، کریں گے‘‘۔ وہ آفات سے نمٹنے اور بچاؤ کے کام سے وابستہ ادارے کے اہل کاروں سے بات کر رہے تھے۔

صدر نے کیرولینا اور ورجینیا کی ریاستوں کے ہنگامی صورت حال کے اعلامیے پر دستخط کیے، جس اقدام سے وفاقی رقوم اور وسائل کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔ ٹرمپ نے ساحلی علاقوں میں مقیم افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے خیال میں تمام افراد کو نکل جانا چاہیئے۔ ساحل کی پٹی میں صورت حال بہت ہی خراب ہوگی‘‘۔

ابھی تک نارتھ اور ساوتھ کیرولینا اور جنوبی ورجینیا کے ساحل کے ساتھ رہنے والے 10 لاکھ سے زیادہ افراد کا انخلا ہوچکا ہے۔ چند مقامات پر اُنھیں پیٹرول کی کمی درپیش رہی، جب کہ وہ لوگ جو طوفان کے متوقع راستے میں آسکتے ہیں، وہ سامان کو اسٹوروں میں منتقل کر رہے ہیں اور ہنگامی رسد اکٹھی کر رہے ہیں۔

شمالی کیرولینا کے گورنر روئے کوپر نے ایسے مکینوں کو براہ راست پیغام دیا ہے جو اپنے گھروں ہی پر رہنا چاہتے ہیں۔

بقول اُن کے یہ ایک خطرناک طوفان ہوگا۔ سمندری لہریں اور طوفانی ہوائیں ایسی شدید ہوں گی جتنی آپ نے نہیں دیکھی ہوں گی۔ اگر آپ کا کبھی طوفان سے سابقہ پڑا بھی ہو، یہ مختلف ہوگا۔ اپنی جان کو خطرے میں نہ ڈالیں کہ یہ آپ کو نگل لے‘‘۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عین ممکن ہے کہ یہ سمندری طوفان پچھلے 60 برس کے دوران آنے والا شدید ترین طوفان ہو۔

XS
SM
MD
LG