رسائی کے لنکس

بالی ووڈ میں نیا جنم لینے والے 5 ’مہان‘ اداکار


بدلتے وقت کے ساتھ ساتھ بالی وڈ کے ٹرینڈز بھی بدل رہے ہیں۔ بہت سے ایکٹرز ایسے ہیں جو کسی ایک کردار کی وجہ سے مشہور ہونے کے باوجودکچھ ’ہٹ‘ کے کرنا چاہتے ہیں

دنیا بھر میں فلم انڈسٹری کی یہ روایت رہی ہے کہ جو اداکار کسی مخصوص کردار میں ہٹ ہوجاتا ہے تو پھر اس پر اسی طرح کے یا اس سے ملتے جلتے کرداروں کی بارش ہونے لگتی ہے ،یہاں تک کہ وہ اپنے ’کردار کا قیدی‘ بن کر رہ جاتا ہے ۔ بالی ووڈ میں ایک صدی سے جو فلمیں بنتی آرہی ہیں وہ بھی مخصوص ڈگر کی ہوتی ہیں جس میں اسٹیریو ٹائپ ہیرو ،ہیروئن ، ولن اور کیریکٹر ایکڑز شامل ہوتے ہیں۔

لیکن بدلتے وقت کے ساتھ ساتھ بالی وڈ کے ٹرینڈز بھی بدل رہے ہیں۔ بہت سے ایکٹرز ایسے ہیں جو کسی ایک کردار کی وجہ سے مشہور ہونے کے باوجودکچھ ’ہٹ‘ کے کرنا چاہتے ہیں اور تجرباتی کردار کر کے خود کو منوا بھی چکے ہیں۔ فلم میکرز بھی اب روایتی موضوعات کے بجائے مختلف سبجیکٹ پر فلمیں بنانے کا رسک لے رہے ہیں۔

بھارتی ٹی وی چینل ’سی این این آئی بی این‘ نے بالی وڈ کے پانچ ایسے ہی ایکٹرز کو موضوع بنایا ہے جو اپنے مخصو ص امیج سے نکل کر بھی کامیاب رہے، جیسے ۔۔۔

رشی کپور
ستر کی دھائی کے آخر سے لے کر نوے کی دھائی کے شروع تک بالی وڈ پر چاکلیٹی ہیرو کے طور پر راج کرنے والے رشی کپور سب سے زیادہ چاہے جانے والے ’لور بوائے‘ تھے۔ بالی وڈ سے کچھ عرصے دور رہنے کے بعد رشی کپور نے کم بیک کیا بھی تورومینٹک کامیڈی ’ پیار میں ٹوئسٹ‘ کے ذریعے جس میں ان کی جوڑی بنی ماضی میں ان کی ہیروئن رہنے والی ڈمپل کپاڈیا کے ساتھ ۔ لیکن رشی نے جو دو بالکل مختلف شیڈز کے کردار ادا کر کے سب سے داد وصول کی وہ ’اگنی پتھ‘ میں بے رحم اور ظالم ولن ’روف لالا‘ اور ’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر‘ میں کیا گیا گے پرنسپل کا کردار تھا۔ رشی نے ان کرداروں سے بطور ایکڑ اپنی ورسٹیلٹی ثابت کی۔

فرحان اختر
فرحان اختر کو ملٹی ٹیلینڈڈ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ فلم میکر، اسٹوری ٹیلر، شاعر، سنگر اور ایکٹر۔ فرحان نے ہر روپ میں اپنے ٹیلنٹ کو منوایا ہے۔ ’راک اون‘ ،’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ میں پڑھے لکھے ، ویل آف شہری بیک گراوٴنڈ سے تعلق رکھنے والے لڑکے کا کردار توفرحان نے اچھی طرح نبھایا کیونکہ کہ لوگوں کے خیال میں اس پر انہیں زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی لیکن پنجابی ایتھیلیٹ ’ملکھا سنگھ‘ پر بننے والی فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ میں فرحان نے جو شاندار پرفارمنس دی اس نے نقادوں کے منہ بند کردئیے اور فرحان کے فینز کی تعداد میں بے پناہ اضافہ کردیا۔

عمران ہاشمی
عمران ہاشمی کا امیج فارمولا فلموں میں کام کرنے والے اداکارکا رہا ہے جن کی کامیابی میں بڑا ہاتھ عمران کے بجائے اچھی میوزک، سسپنس اور بولڈ سینز کو سمجھا جاتا ہے۔ عمران ہاشمی نے اپنے فنی کیرئیر کو آگے بڑھانے کے لئے یو ٹرن لیتے ہوئے اپنے روایتی کردار سے ہٹ کر فلمیں منتخب کرنا شروع کردیں۔ دیباکر بینر جی کی فلم ’شنگھائی‘ کے پروموز چلے تو لوگ عمران کو پہچان نہیں پائے۔ عمران نے’ شنگھائی‘ میں بالکل مختلف رول کر کے سب سے داد وصول کی اور فلم میں موجود منجھے ہوئے ایکٹرز ابھے دیول، فاروق شیخ کے باوجود اپنی چھاپ چھوڑی۔ اس تبدیلی کو ان کے فینز اور کریٹکس دونوں نے پسند کیا۔

امیتابھ بچن
امیتابھ بچن کے اچھا ایکٹر ہونے میں کسی کو کوئی شک نہیں۔عمر کے اس حصے میں جہاں ان کے ساتھ کے ایکٹرز صرف گیسٹ اپیرئنس میں نظر آتے ہیں ، امیتابھ اپنی جاندار پرفارمنس سے آج بھی فلمی شائقین کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔لوگ آج بھی امیتابھ کو ذہن میں رکھ کر ان کے لئے کیریکٹر تخلیق کررہے ہیں۔اپنے عروج کے دور کے بعد بھی نوے کی دھائی میں امیتابھ نے اپنے مخصوص انداز کو لے کر کچھ ایسی فلموں میں کام کیا جو بری طرح فلاپ ہوئیں۔ ان ناکامیوں کا احساس کرنے کے بعد امیتابھ نے جہاں ٹی وی کی دنیا میں ’کون بنے گا کروڑپتی‘ سے لوگوں کے دل جیتے وہیں’ محبتیں ‘ اور ’بلیک ‘ جیسی ہٹ فلموں سے بالی وڈ میں کم بیک کیا ۔ اس کے بعد بھی امیتابھ نے بہت سے رسکی پروجیکٹس مثلاً ’نی شبدھ‘، ’پا‘اور ’چینی کم‘ میں کام کیا ۔ ان تمام فلموں میں امیتابھ کے کام کو سراہا گیا۔

ارجن رام پال
ماڈلنگ کی دنیا سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والے ارجن رام پال پر ’نان ایکٹر‘ کی چھاپ لگ گئی تھی۔جب امیدیں کم ہوں تو لوگوں کو چونکا دینے کا اپنا ہی مزہ ہوتا ہے اور ارجن رام پال نے بھی ایسا ہی کیا۔ان کی پہلی فلم ’پیار ،عشق، محبت ‘ ناکام رہی لیکن ارجن نے ہمت ہارے بغیر اپنا سفر جاری رکھا جس کا نتیجہ کامیابی کی صورت میں نکلا جو ’اوم شانتی اوم‘ میں کئے گئے منفی رول سے انہیں ملی۔

ارجن نے ’راج نیتی ‘ میں سیاستدان کا کردار بھی خوبی سے ادا کر کے سب کواپنی تعریف کرنے پر مجبور کردیا۔
XS
SM
MD
LG