رسائی کے لنکس

پاکستان میں 'تیل اور گیس کے مزید ذخائر دریافت'


فائل
فائل

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم اور قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران ملک میں گیس اور تیل کے پانچ نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس میں شاہد خاقان نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے سے لے اب تک چار برسوں کے دوران گیس اور تیل کے 98 ذخائر دریافت ہوئے جن کی وجہ سے اب تک 94 کروڑ 40 لاکھ کیوبک فٹ گیس سسٹم میں شامل کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئے ذخائر صوبہ سندھ میں دریافت ہوئے ہیں اور ان سے یومیہ چھ سو بیرل سے زائد تیل اور سات کروڑ کیوبک فٹ گیس حاصل ہوگی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نئے ذخائر کی دریافت سے ملک میں برآمد کی جانے والی مائع گیس کی مد میں پندرہ کروڑ ڈالر سالانہ کی بچت ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت گیس اور تیل کے مزید ذخائر کی دریافت کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے تاکہ ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں خود کفالت حاصل کی جا سکے۔

پاکستان کو ماضی میں توانائی کے شدید بحران کا سامنا رہا ہے تاہم موجودہ حکومت کی طرف سے شروع کیے جانے والے بجلی کی پیدوار کے متعدد منصوبوں کے مکمل ہونے کی وجہ سے اب صورت حال بتدریج بہتر ہورہی ہے۔

توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے حکومت بیرون ملک سے مائع گیس بھی درآمد کر رہی ہے۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس وقت روزانہ 60 کروڑ کیوبک فٹ گیس ملک میں درآمد کی جارہی ہے جو ملک میں گیس سے چلنے والے بجلی پیدا کرنے کے پلانٹس میں استعمال کی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ درآمد شدہ گیس سی این جی اسٹیشن اور کھاد بنانے کے کارخانوں اور دیگر صنعتی شعبوں کو بھی فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتِ حال کی وجہ سے قطر سے مائع گیس کی درآمد متاثر نہیں ہو گی الا یہ کہ کوئی غیر معمولی صورتِ حال پیدا ہوجائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر سمیت کئی اسلامی ملکوں نے دہشت گرد گروپوں کی حمایت کے الزام پر قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کر لیے تھے جس کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں صورت حال کشیدہ ہے۔

XS
SM
MD
LG