رسائی کے لنکس

کینیڈا: اسکول میں فائرنگ، پانچ افراد ہلاک


وزیراعظم ٹروڈیو اور کینیڈا کی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ ایک دوردراز قصبے لا لوش میں پیش آیا جس کی آبادی 3,000 افراد پر مشتمل ہے۔

کینیڈا کے مغربی صوبے سسکٹ چیون کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس بات کی تصدیق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈیو نے جمعہ کی شام کو کی۔

وزیراعظم ٹروڈیو جو سوئیٹزرلینڈ میں عالمی اقتصادی فورم کی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے ڈیوس میں موجود ہیں، نے وہاں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے سلسلے میں ایک مشتبہ شخص حراست میں ہے۔ انہوں نے اس حملے کے محرک کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے۔

ٹروڈیو نے کہا کہ "یہ ہر والدین کے لیے ایک بہت ہی بھیانک خواب ہے"۔

ٹروڈیو اور کینیڈا کی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ ایک دوردراز قصبے لا لوش میں پیش آیا جس کی آبادی 3,000 افراد پر مشتمل ہے۔ یہ قصبہ ساسکتون سے 600 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اسکول میں کتنے افراد ہلاک ہوئے۔ لا لوش قصبے کے قائم مقام مئیر کیون جینوئیر نے کینیڈا کے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یہ واقعہ مشتبہ شخص کے گھر سے شروع ہوا۔

جینوئیر نے کہا کہ "میں 100 فیصد یقین کے ساتھ نہیں کہہ سکتا کہ حقیقت میں کیا ہوا تاہم یہ گھر سے شروع ہوا اور اس کا اختتام اسکول میں ہوا"۔

لالوش پولیس کے طرف سے اس واقعہ کے متعلق کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی ہے۔

اس واقعہ کے بعد اسکول کو بند کر دیا گیا ہے اور اسکول کے فیس بک صفحے پر جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اسکول اس وقت تک بند کر دیا گیا ہے جب تک کینیڈا کی پولیس اس معاملے کی حقیقت نہیں معلوم کر لیتی۔

امریکہ کے مقابلے میں کینیڈا میں جہاں اسلحہ رکھنے کے متعلق سخت قوانین ہیں اس طرح کے فائرنگ کے واقعات بہت کم رونما ہوتے ہیں۔ لالوش کے قصبے میں فائرنگ کے واقعہ میں پانچ افراد کی ہلاکت ملک میں 1989 کے بعد سے مہلک ترین واقعہ ہے جب مانٹریال کے ایک تعلیمی ادارے میں فائرنگ کے واقعہ میں 14 طلباء ہلاک ہو ئے تھے۔

XS
SM
MD
LG