رسائی کے لنکس

پہلا ون ڈے: آسٹریلیا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے دی


  • پاکستان کے کپتان محمد رضوان 44، نسیم شاہ 40 اور بابر اعظم 37 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
  • آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک تین، پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے دو، دو جب کہ مارنس لبوشین اور سین ایبٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
  • نسیم شاہ نے چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 39 گیندوں پر 40 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ویب ڈیسک _ آسٹریلیا نے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

پیر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی پوری ٹیم 46 اعشاریہ چار اوورز میں 203 رنز بنا سکی۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جارحانہ بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے ابتدا میں ایسا لگا کہ میزبان ٹیم باآسانی میچ جیت جائے گی۔ لیکن کینگروز کو اُس وقت مشکل پیش آئی جب حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کی تیز رفتار بالنگ کے سامنے آسٹریلیا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔

کینگروز اوپنرز میتھیو شارٹ ایک اور جیک میگرک 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد تیسری وکٹ پر اسٹیون اسمتھ اور جوش انگلس نے 85 رنز کی دھواں دھار شراکت قائم کر کے میچ کو تقریباً یکطرفہ بنا دیا تھا۔

آسٹریلیا کا مجموعی اسکور 113 تک پہنچا تو اسمتھ 44 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد 139 کے مجموعے پر انگلس بھی 49 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

اسمتھ اور انگلس کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ میں اُس وقت سنسنی پیدا ہوئی جب مارنس لبوشین 16، ایرون ہارڈی 10، سین ایبٹ 13 اور گلین میکسویل بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز ایک اینڈ سے پاکستانی بالنگ اٹیک کے خلاف مزاحمت کرتے رہے اور انہوں نے 32 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔

آسٹریلیا نے 204 رنز کا ہدف 33 اعشاریہ تین اوورز میں آٹھ وکٹوں پر حاصل کیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلوی فاسٹ بالر مچل اسٹارک 'مین آف دی میچ' کے حق دار قرار پائے، جنہوں نے 33 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پاکستان کی بیٹںگ

پاکستانی اوپنرز عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا تو دونوں ہی بلے بازوں کو آسٹریلوی پیسر کی تیز رفتار گیندوں نے پریشان کیے رکھا۔

صائم ایوب پانچ گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور وہ ایک رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہو گئے جس کے بعد عبداللہ شفیق بھی 24 کے مجموعی اسکور پر اسٹارک کی ہی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ شفیق صرف 12 رنز ہی بنا سکے۔

پاکستانی اوپنر صائم ایوب ایک رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔
پاکستانی اوپنر صائم ایوب ایک رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔

تیسری وکٹ پر بابر اعظم اور کپتان محمد رضوان نے آسٹریلوی بالنگ کے سامنے مزاحمت کی کوشش کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 63 تک پہنچایا تو بابر ایڈم زمپا کی گھومتی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور نئے آنے والے بلے باز کامران غلام پانچ اور سلمان آغا 12 رنز ہی بنا سکے۔

پاکستان کا مجموعی اسکور 177 تک پہنچا تو کپتان محمد رضوان بھی سوئپ شارٹ کھیلتے ہوئے وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے، وہ 44 رنز بنا سکے۔

پاکستان کے کپتان محمد رضوان 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کے کپتان محمد رضوان 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے عرفان خان 22 اور شاہین شاہ آفریدی 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ایک کے بعد ایک وکٹ گرنے کے بعد میچ اس وقت دلچسپ ہو گیا جب نسیم شاہ کے بلے نے رنز اگلنا شروع کیے۔

نسیم شاہ نے چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 39 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ 203 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔

گرین شرٹس کی جانب سے کپتان محمد رضوان 44، نسیم شاہ 40 اور بابر اعظم 37 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک تین، پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے دو، دو جب کہ مارنس لبوشین اور سین ایبٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG