رسائی کے لنکس

دوسرا ٹی20: زمبابوے کو شکست، پاکستان نے سیریز جیت لی


وکٹ کا ایک اینڈ 14 ویں اوور تک ابتدائی بلے باز مختار احمد نے سنبھالے رکھا جنہوں نے 40 گیندوں پر 62 رنز اسکور کیے اور قومی ٹیم کے لیے ہدف کا تعاقب آسان بنایا۔

لاہور میں کھیلے جانے والے دوسرے اور آخری ٹوئنٹی20 میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو دو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔

اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں زمبابوے نے میزبان ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 176 رنز کا ہدف دیا تھا جسے قومی ٹیم نے 4ء19 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان کے ابتدائی بلے بازوں نے ہدف کے تعاقب کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا۔ لیکن پانچویں اوور سے قومی ٹیم کی وکٹیں گرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا وہ 19 اویں اوور تک جاری رہا جس کے باعث میچ سنسنی خیز رخ اختیار کرگیا۔

لیکن تواتر سے وکٹیں گرنے کے باوجود وکٹ کا ایک اینڈ 14 ویں اوور تک ابتدائی بلے باز مختار احمد نے سنبھالے رکھا جنہوں نے 40 گیندوں پر 62 رنز اسکور کیے اور قومی ٹیم کے لیے ہدف کا تعاقب آسان بنایا۔

مختار احمد نے جمعے کو ہونے والے سیریز کے پہلے میچ میں بھی 83 رنز اسکور کیے تھے اور اپنی ٹیم کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔ پاکستان نے یہ میچ پانچ وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کے دوسرے نمایاں کھلاڑی عمر اکمل رہے جنہوں نے 30 رنز بنائے۔ احمد شہزاد اور نعمان انور نے 18، 18 رنز اسکور کیے۔

آخری اوور میں بلاول بھٹی نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر قومی ٹیم کو فتح دلائی۔

زمبابوے کی جانب سے کرس پوفو اور سین ولیمز نے 2، 2 جب کہ برائن ویٹوری، پراسپر اٹسیا اور سکندر رضا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے تھے۔

زمبابوے کے ابتدائی بلے بازوں نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 68 رنز بنائے۔ ووسی سیبانڈا نے 49 اور ماساکڈزا نے 39 رنز اسکور کیے۔

مہمان ٹیم کی اننگز کی خاص بات سین ولیمز کی جارحانہ بلے بازی رہی جنہوں نے 32 گیندوں پر 58 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد سمیع، شاہد آفریدی اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

زمبابوے کی ٹیم کا دورہ پاکستان 19 مئی سے شروع ہوا تھا جس کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ گزشتہ چھ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی غیر ملکی ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز شروع ہوگی جس کا پہلا میچ 26 مئی کو کھیلا جائے گا۔

زمبابوے کے خلاف سیریز کے تمام میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG