رسائی کے لنکس

پاکستان نے پہلے ٹی20 میچ میں زمبابوے کو شکست دیدی


لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو 173 رنز کا ہدف دیا تھا جسے میزبان ٹیم نے 3ء19 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان نے چھ سال بعد اپنی سرزمین پر ہونے والے پہلے بین الاقوامی ٹوئنٹی20 میچ میں زمبابوے کو پانچ وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو 173 رنز کا ہدف دیا تھا جسے میزبان ٹیم نے 3ء19 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

دہشت گردی کا شکار پاکستان کی سرزمین پر 2009ء کے بعد یہ پہلا بین الاقوامی کرکٹ میچ تھا جس میں فتح حاصل کرکے پاکستانی ٹیم نے قوم کو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے ساتھ ساتھ جیت کا تحفہ بھی دیا ہے۔

جمعے کو کھیلے جانے والے دوٹوئنٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے تھے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے چگمبورا 54 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ ماساکاڈزا نے 27 گیندوں پر 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد سمیع نے 36 رنز دے کر تین اور وہاب ریاض نے 38 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ شعیب ملک نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواباً پاکستانی اوپنرز نے اپنی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 142 رنز بنائے۔

مختار احمد 83 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ احمد شہزاد نے 55 رنز اسکور کیے۔ میچ کے 14 ویں اوور کے بعد پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور محمد حفیظ 12، عمر اکمل 4 اور شعیب ملک 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

لیکن پانچ وکٹیں گنوانے کے بعد قومی ٹیم 20 ویں اوور کی تیسری گیند پر بظاہر مشکل ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

سیریز کا دوسرا میچ 24 مئی کو کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی۔

دورے کے تمام میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہی ہوں گے۔

جمعے کو ہونے والے میچ کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پنجاب پولیس کے تین ہزار اہلکار اسٹیڈیم کے اردگرد تعینات تھے۔ اسٹیڈیم جانے والی سڑکوں کو بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

ٹیسٹ نیشن کا درجہ رکھنے والی کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کا چھ برسوں کے بعد پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔

اس سے قبل آخری مرتبہ 2009ء میں سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ مگر مہمان ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا رخ نہیں کیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کی تاریخ کا بھی یہ پہلا ٹی 20 میچ تھا۔ پاکستان کا یہ میدان اب تک 40 ٹیسٹ اور 58 ون ڈے انٹرنیشنل کی میزبانی کرچکا ہے۔

پاکستانی ٹیم اگر زمبابوے کو سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں بھی شکست دینے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ آئی سی سی کی عالمی ٹی 20 رینکنگ میں اپنی پانچویں پوزیشن برقرار رکھے گی۔

XS
SM
MD
LG