طاقتور ترین سمندری طوفان 'پیٹریشیا' میکسیکو سے ٹکرا گیا ہے اور ماہرین موسمیات کے مطابق یہ ہفتہ کو جنوب مغربی علاقے سے ہوتا ہوا مغربی اور شمالی علاقے تک پہنچے گا لیکن اس کی شدت میں بتدریج کمی آئے گی۔
امریکی ہوریکین سنٹر نے جمعہ کو دیر گئے بتایا کہ پیٹریشیا شدید ترین درجہ پانچ سے ایک کم ہو کر درجہ چار میں داخل ہو گیا ہے اور یہ 215 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواوں کا باعث بن رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ماہرین نے پیش گوئی کی تھی کہ ہفتہ کو طوفان کی شدت میں "تیزی سے کمی" آئے گی۔
میکسیکو کی موسمیاتی سروس کے مطابق سمندری طوفان جالیسکو ریاست سے 90 کلومیٹر فی گھنتہ کی رفتار کے ساتھ ٹکرایا۔
حکام نے ساحلی علاقوں میں بسنے والوں کو دیگر علاقوں میں منتقل کردیا جب کہ سیاحوں کے لیے ساحل بند کردیا اور ہوائی اڈوں کو بھی بند کر دیا گیا۔
میکسیکو سے ٹکرانے سے قبل بحرالکاہل سے اٹھنے والے اس طوفان کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس سے 325 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں۔ اسی بنا پر اسے شمالی بحرالکاہل سے اٹھنے والا اب تک کا شدید ترین طوفان کہا جا رہا ہے۔
امریکی ہوریکین سنٹر کا کہنا تھا کہ پٹریشیا عمومی طور پر 15 سے 30 سینٹی میٹر جب کہ بعض علاقوں میں 50 سینٹرمیٹر تک بارشوں کا باعث بن سکتا ہے۔
میکسیکو میں حکام نے مختلف علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ پولیس اور شہری تحفظ کے اہلکار ان علاقوں میں گشت کر رہے ہیں اور لوگوں کو باخبر اور محتاط رہنے کے لیے متبنہ کر رہے ہیں۔